ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
|
شبہ ہوسکتا ہے کہ اسی طرح طالب علم بڑے مغرور ہوجائیں گے لیکن اس کے لئے میں نے کہ رکھا ہے کہ مزدوری کرلیا کرو چنانچہ مہمانوں کا سامان اسٹیشن تک پہنچانے کے لئے طالب علم چلے جاتے ہیں اور چار آنے آٹھ آنے کمالیتے ہیں - سر پر اسباب لے جانا اور مزدروری کرنا ذلت نہیں - اور اس طرح لینا ( کھانا کا ) ذلت ہے - تکبر کا تو میں نے یہ علاج کیا اور ذلت کا یہ کہ کسی کے دروازہ پر نہ جاؤ - پھر فرمایا کہ کیا کروں جہاں کسی کام کلام سے ذرا طلب علموں کی اہانت مترشح ہوئی بس فورا طبیعت متغیر ہوجاتی ہے - اجی اگر وہ ( داعی ) یہ کرتے کہ دعوت کو تو کہتے نہ - کھانا بھیج دیتے اور اس طرح کہتے کہ اجی اہم ایک چیز کھانے بیٹھے جی چاہا کہ اپنے محبوب کو بھی کچھ بھیج دیں - اس میں کیا حرج ہے - مگر ایسی ترکیب وباتیں صحبت سے معلوم ہوتی ہیں - ف - اس سے قدر طلباء و شان تربیت وطرز سلف سے موافقت ظاہر ہے - تجربہ سہولت پسندی - عقل سلیم ایک طالب علم نے عرض کیا کہ میری سمجھ میں کتابیں تمام فن کی نہیں آتی فرمایا کہ بس یہ کافی ہے کہا استاد کی تقریر کے وقت نفس مطلب سمجھ میں آجاوے یاد رہے یا نہ رہے - کتاب اگر حل ہوجاوے ان شا ء اللہ بعد ختم کے جب خود مطالعہ کریں گے استعداد ہو جاوے گی بیدل نہ ہوجاویئے - یاد رہے یا نہ رہے کچھ پرواہ نہ کیجئے - پھر فرمایا کہ اگر کسی کو نفس مطلب بھی کچھ سمجھ میں نہ آوے تو ایسی صورت میں ضروری مسائل اردو مین پڑھ لینا کافی ہے - ف : - اس سے حضرت والا کا تجربہ سہولت پسندی عقل سلیم صاف ظاہر ہے - تجربہ : فرمایا کہ دو چیزیں باوجود تکرار و مطالعہ کے بھی ضبط نہیں رہتیں - مطالب مثنوی شریف و معانی قرآن مجید شفقت وسہولت پسندی ایک صاحب نے دق کے لئے تعویز مانگا فرمایا پڑھنے کا زیادہ اثر ہوگا تعویز کا کیا اثر - پابندی کے ساتھ روازنہ بعد فجر چودہ بار الحمد شریف پانی پر دم کر کے دن بھر پلاتے رہیں جب پانی کم رہ جاوے اور ملالیں - ف : - شفقت و سہولت پسندی صاف ظاہر ہے -