ملفوظات حکیم الامت جلد 23 - یونیکوڈ |
|
کہ میں اسکول میں ملازم ہوں دس بجے سے چار بجے تک عموما کام مدرسہ کا کرتا ہوں عمر میری 26 یا 27 سال کی ہوگی - رخصتیں ہوچکیں اب حاضری معذور ہوں - پڑھنے کے لئے جو تجویز فرمائیں گے اس پر کار بند ہونے کو اپنی سعادت سمجھوں گا - اس خط کے جواب میں حضور عالی نے تحریر فرمایا کہ اس خط کے ساتھ میرا پہلا خط رکھنا چاہئے تھا کیونکہ اس کا مضمون میرے ذہن میں نہیں دونوں خطوں کو دیکھ کر مناسب تعلیم ممکن ہے - بجواب اس کے تحریر کیا کہ حسب ارشاد عالی نوازش نامہ ارسال ہیں جو کچھ میری اصلاح نفس کے لئے پڑھنے کے واسطےتجویز فرمائیں گے اس کی بجا آوری میں اپنی سعادت سمجھوں گا - بجواب اس کے حضرت نے ارقام فرمایا - معمولات ذیل تجویز کئے جاتے ہیں - 1 - تہجد کی پابندی رکھئے زیادہ اچھا وقت اخیر شب ہے اور اگر اس میں دشواری ہو تو بعد عشاء کے پڑھ لیا کریں 2 - بعد تہجد کے اگر آسانی سے طبعیت متحمل ہو چھ سوبار لا الٰہ الا اللہ متوسط ضرب و جہر سے پڑھا کیجئے اور دو ہفتہ کے بعد اطلاع دیجئے - اطلاع کے ساتھ خط بھی رکھ دیجئے صبح کو بعد نماز علاوہ معمولات کے ایک ہزار بار اسم ذات اللہ اللہ متوسط جہر وضرب سے پڑھا کیجئے - 3 - باقی اوقات میں جب یاد آجاوے استغفار کی کثرت رکھئے اور وقتا فوقتا اپنے معمولات وحالات سے اطلاع دیجئے - مکرر آنکہ میری تالیفات میں سے آپ نے کیا کیا کتابیں دیکھی ہیں اور آپ کے پاس کیا کیا موجود ہیں - ف اس مکاتیب سے حضرت والا کی شان تربیت جو اطلاع حقیقت اور طالبین کی سہولت اور ہر طرح کی مراعات کو شامل ہے اظہر من الشمس ہے - مراعات احباب - حفظ مسلم از معصیت 1 - مرید کو تحریر فرمایا کہ تمہاری بیوی چند شکایتیں لکھ رہی ہیں - ( تم اس کو بہت تنگ رکھتے ہو شریعت کے موافق برتاؤ نہیں کرتے - 2 - باوجود گنجائش کے لوگوں کا قرض ادا نہیں کرتے - 3 - تم نے اس کا مال لے لیا