نمونے کے انسان |
زرگان د |
|
’’مدارس اسلامیہ ،مشورے اورگزارشیں‘‘ سے ماخوذ واقعات عہد کی پاسداری کی برکت: حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب بھوپالی علیہ الرحمہ نے فرمایا ہے کہ مشہور بزرگ حضرت مرزا مظہر جان جاناںشہید قدس سرہٗ کی خدمت میں ایک صاحب ریاضت ہندو آیا ، اور بیٹھتے ہی مراقب ہوگیا، مراقبہ سے سر اٹھایا ، تو بولا کہ حضرت آپ کا دل نہایت صاف شفاف ہے ، اس میں کوئی کجی اور اونچ نیچ نہیں ہے ، لیکن ایک سخت عیب یہ ہے کہ بالکل سیاہ ہے، فرمایا کہ تم کمال کے صاحب کشف ہو، بھلا یہ تو بتاؤ کہ یہ کشف کا کمال تمہیں کیونکر حاصل ہوا؟ بولاکہ میرے گرو نے ابتداء میں ہی مجھ سے عہد لیا تھا کہ نفس کی خواہشات ولذات سے کنارہ کش رہوں گا ، اور اس کی خواہشات کی ہمیشہ مخالفت کروں گا ، حضرت نے فرمایا واقعی نفس کی مخالفت سے بڑے بڑے کمالات حاصل ہوتے ہیں ، مگر تم ایک بات بتاؤکہ مسلمان ہوجانا،اور دین اسلام میں داخل ہونا تمہارے نفس کے خلاف ہے یا نہیں؟ اس نے کہا بے شک! آپ نے فرمایا پھر اسے قبول کرو، اس نے کہا کہ ہاں عہد کی پاسداری تو یہی ہے کہ میں اس دین کو قبول کرلوں، اور میرے گرو کہا کرتے تھے کہ تمہارے اندر مسلمانوں جیسی باس آتی ہے ، سو آج یہ بات پوری ہوئی ، اور وہ مسلمان ہوگیا ، دائرۂ اسلام میں داخل ہوتے ہی اس کی حالت بدل گئی ، اب وہ نہایت مؤدب ہوکر حضرت مرزاصاحب قدس سرہٗ کے پاس بیٹھ گیا ، اور کہا کہ اب آپ کا دل سورج سے زیادہ روشن ہے ۔ فرمایا کہ جو کچھ تم دیکھ رہے ہو وہ میرا نہیں تمہارا دل ہے، پہلے سیاہ دیکھاتھا ، تو بھی وہی تھا ، اب روشن دیکھ رہے ہو، تب بھی وہی ہے، میرا دل آئینہ ہے ، اس میں تم نے اپنا ہی دل دیکھا ہے، پہلے وہ کفر کی وجہ سے سیاہ تھا ، اب اسلام کے نور کی وجہ سے روشن ہے۔ دیکھئے !اس نے ایک عہد پورا کیا ، اپنے وعدے کاوفادار تھا ، تو اﷲ نے اس کی برکت سے ضلالت سے کتنی آسانی سے ہدایت کی راہ پر ڈال دیا۔