روح کی بیماریاں اور ان کا علاج |
س کتاب ک |
|
محبت اور حیاتِ دُنیا سے اطمینان اور خوشی کا سبب آخرت پر عدم یقین ارشاد فرمایا ہے ورنہ آخرت کی فکر کے ساتھ تو ذکر ِالٰہی کے سوا کوئی چیز باعثِ اطمینان نہیں ہوسکتی۔ چوبِ بوسیدہ پر سہارا لگا کر کھڑا ہونا جس طرح حماقت ہے اسی طرح موت کے یقینی آنے کے باوجود دُنیا کی لذّتوں کو سہارۂاطمینان بنانا بھی حماقت ہے۔ رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے کیسی پیاری دُعا مانگی کہ اے اﷲ! جب اہلِ دُنیا کی آنکھیں تو اُن کی (فانی) دُنیا سے ٹھنڈی کرے تو ہماری آنکھیں اپنی عبادت سے ٹھنڈی فرما۔ (جس کی لذّت غیر فانی ہے) ؎ رنگِ تقویٰ رنگِ طاعت رنگ ِدیں تا اَبد باقی بود بر عابدیں (رومی) تقویٰ اور عبادت کا رنگ عابدین کی ارواح پر ہمیشہ قائم رہتا ہے کیوں کہ وہ معبود بھی تو حیّ و قیوم ہے۔حُبِّ دُنیا کا علاج ۱) موت کو بار بار سوچنا اور قبر کی تنہائی اور دُنیا سے جدائی کا مراقبہ کرنا۔ ۲)’’رسول اﷲصلی اﷲ علیہ وسلم کی نظر میں دُنیا کی حقیقت‘‘ احقر کی اِس کتاب کا مطالعہ ہرروز چند منٹ کرلیا جاوے جس میں اُن احادیثِ نبویہصلی اﷲ علیہ وسلم کو جمع کردیا گیا ہے جن کو پڑھ کر دل نرم ہوجاتا ہے اور آخرت کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ یہ کتاب ایک سو پچاس حدیثوں کا مجموعہ ہے۔ ۳)اﷲ والوں کی مجالس میں بار بار حاضری۔ بلکہ کسی اﷲ والے سے جس کسی سے مناسبت ہو باضابطہ اصلاحی تعلق قائم کرلینا شفائے روح کے لیے اکسیر ہے۔ ۴) دُنیا کے عاشقوں سے دور رہنا کہ اس کے جراثیم بھی متعدی ہوتے ہیں۔ ۵) گاہ گاہ قبرستان میں یادِ آخرت کی نیت سے حاضری دینا۔ ۶) ذکر کا اہتمام و التزام کسی دینی مربی کے مشورے سے کرنا۔