دین و شریعت کی بنیادیں اور فقہی اصول و ضابطے ۔ قرآن کی روشنی میں |
|
تـقریـظ حضرت مولانا خالد سیف اللہ صاحب رحمانی قاسمی دامت برکاتہم المعہد الاسلامی حیدرآباد حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب ماضی قریب کے ان جلیل القدر علماء میں سے تھے جن کو اللہ تعالیٰ نے علمی جامعیت، فکری اعتدال اور ورع وتقوی سے نوازا تھا، وہ ایک ممتاز علمی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، قدرت کی جانب سے ان کو ذکاوت طباعی اور اخذ و استنباط کی صلاحیت سے حظ وافر عطاہوا تھا، اور حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی بافیض صحبت نے ان کی شخصیت کو اور بھی جلا بخشا۔ یوں تو انہوں نے مختلف اسلامی علوم میں اپنی خدمت کے نقوش ثبت کئے، اور تدریس و تالیف کے ذریعہ امت کو نفع پہنچایا لیکن جس علم میں ان کو امتیاز حاصل تھا اور جس نے ان کی شہرت کو اوجِ کمال تک پہنچادیا وہ فقہ اسلامی ہے، انہوں نے نہایت دقّت نظر کے ساتھ عصر حاضر میں پیدا ہونے والے مسائل پر بحث کی ہے اور ایسی معتدل رائے قائم کی ہے جن کو اہل علم کے درمیان خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی، اگرچہ فقہ کی ایک اہم شاخ اصولِ فقہ پر ان کی کوئی باضابطہ اور مستقل تالیف موجود نہیں ہے لیکن معارف القرآن اور دوسری تالیفات میں اس موضوع پر بھی ڈھیر سارا مواد موجود ہے۔ ان مضامین کا انتخاب فنی ترتیب کے ساتھ ان کو مرتب کرنا اور انہیں ایک کتاب کی شکل دینا آسان کام نہیں تھا اس کے لیے گہرے علم، فقہی بصیرت اور وسیع نظر کی ضرورت تھی، اللہ تعالیٰ بہتر سے بہتر اجر عطا فرمائے، محبی فی اﷲ ، جناب مولانا مفتی محمد زید صاحب