دین و شریعت کی بنیادیں اور فقہی اصول و ضابطے ۔ قرآن کی روشنی میں |
|
ہندوستان و پاکستان میں مسلک حنفی کی تخصیص بلکہ علمائے امت نے یہاں تک لکھا ہے کہ ہندوستان میں امام ابو حنیفہؒ کی تقلید متعین ہے، کیونکہ ہندوستان میں عام طور سے حنفیہ ہی کی کتابیں ملتی ہیں ، اور عالم بھی حنفیہ ہی ہیں اس وجہ سے امام ابو حنیفہؒ کے سوا دوسرے امام کی تقلید کرنا اہل ہندوستان کو مناسب نہیں ہے۔ تفصیل اس مضمون کی حضرت شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلویؒ نے حجۃ اللہ البالغہ اور انصاف وعقد الجید میں تحریر فرمائی۔ (فتاوی دارالعلوم قدیم ۷؍۳۳۷) مسئلہ تقلید و اجتہاد پر جو کچھ لکھا گیا وہ اس مسئلہ کا بہت مختصر خلاصہ ہے جو عام مسلمانوں کے سمجھنے کے لیے کافی ہے۔ عالمانہ تحقیقات وتفصیلات اصولِ فقہ کی کتابوں میں مفصل موجود ہیں ، خصوصاً کتاب الموافقات علامہ شاطبی جلد رابع باب الاجتہاد ، اور علامہ سیف الدین آمدی کی کتاب احکام الاحکام جلد ثالث، القاعدۃ الثالثۃ فی المجتہدین۔ حضرت شاہ ولی اللہ صاحب دہلویؒ کی کتابیں حجۃ اللہ البالغۃ، اور رسالہ عقد الجید اور آخر میں حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ کی کتاب الاقتصاد فی التقلید و الاجتہاد اس مسئلہ میں خاص طور سے قابل دید ہیں ۔ اہل علم ان کی طرف مراجعت فرمائیں ۔ (معارف القرآن ۵؍۳۳۶، نحل)