دین و شریعت کی بنیادیں اور فقہی اصول و ضابطے ۔ قرآن کی روشنی میں |
|
باب (۱) بسم اﷲ الرحمن الرحیم الحمد ﷲ رب العلمین والصلوۃ والسلام علی سید المرسلین محمدٍ وعلیٰ آلہ واصحابہ أجمعین، اما بعد! کتاب اللہ سے متعلق اصولی مباحث قرآن کریم کی تعریف اصول فقہ میں قرآن کریم کی یہ تعریف کی گئی ہے کہ ہو النظم والمعنی جمیعاً یعنی قرآن نام ہے الفاظ اور معنی دونوں کا جس سے معلوم ہوا کہ اگر معانیٔ قرآن کو الفاظِ قرآن کے علاوہ دوسرے الفاظ یا دوسری زبان میں لکھاجائے تو وہ قرآن کہلانے کا مستحق نہیں اگر چہ مضامین صحیح بالکل درست ہی ہوں ۔ ان مضامین قرآنیہ کو بدلے ہوئے الفاظ میں اگر کوئی شخص نماز میں پڑھ لے تو نماز ادا نہ ہوگی اسی طرح وہ تمام احکام جو قرآن سے متعلق ہیں ، اس پر عائد نہیں ہوں گے، قرآن کریم کی تلاوت کا جوثواب احادیث صحیحہ میں وارد ہے وہ بدلی ہوئی زبان یا بدلے ہوئے الفاظ پر مرتب نہیں ہوگا، اور اسی لیے فقہاء امت نے قرآن کریم کا ترجمہ بلامتن قرآن کے لکھنے اور چھاپنے کو ممنوع قرار دیا ہے جس کو عرف میں اردو کا یا انگریزی کا قرآن کہہ دیا جاتا ہے۔