اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
مستحکم وپاکیزہ خوش گوار ازدواجی زندگی کے لئے نکاح سے قبل اسلام کی ہدایات (ایک جائزہ) اسلام نکاح کی ترغیب وتاکید کے ساتھ ازدواجی زندگی شروع ہونے سے قبل ایسی کارگر تدبیریں اور مفید طریقے تعلیم فرماتا ہے جن کی پابندی ازدواجی زندگی کو صحیح بنیادوں پر اورمحبت وسکون کی اساسِ خالص پر قائم کرنے میں مددگار ہوتی ہے، اسلام نے نکاح کا ارادہ کرنے والوں کو یہ تعلیم دی ہے کہ نکاح کا عقد پوری دانش مندی اور ہوش مندی کے ساتھ کیا جائے، یہ عقد جبر واکراہ کے بجائے باہم مشورے سے ہونا چاہئے، لڑکے اور لڑکی دونوں کو ایک دوسرے سے کسی ذریعہ اور واسطے سے واقف وباخبر ہونا چاہئے، بہتر یہ ہے کہ لڑکا حدود شرعی میں رہ کر لڑکی کو،اسی طرح لڑکی لڑکے کو دیکھ لے، سرپرست نکاح سے پہلے مشورہ کریں اور مرد وزن کی اجازت کے بغیر اقدام نہ کریں ، لڑکی کے والد، لڑکی کی والدہ سے بھی مشورہ کریں ، یہ سب اسلام کی حکیمانہ تعلیم کے اجزاء ہیں ۔ ذیل میں قدرے تفصیل سے ان کا ذکر کیا جارہا ہے:پیغام دینے سے قبل لڑکی کو دیکھنا اسلام کسی بھی مرد کے لئے اجنبی عورت کو دیکھنا جائز نہیں قرار دیتا؛ لیکن مرد کو یہ اجازت ہے کہ پیغام نکاح بھیجنے سے قبل عورت کو دیکھ لے۔ حضرت مغیرہ بن شعبہ ص سے مروی ہے کہ انہوں نے ایک لڑکی کو پیغام نکاح دینا چاہا، آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ان سے فرمایا کہ اس کو دیکھ لو، اس سے امید ہے کہ تم دونوں میں محبت وموافقت پیدا ہوگی۔ (ترمذی: کتاب النکاح: باب ما جاء فی النظر الی المخطوبہ)