اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
عفت مآبی کے نمایاں ثمرات واثرات عفت وعصمت کی حفاظت اور شہوت پرستی کی تمام صورتوں سے بالکلیہ اجتناب شریعت کی نگاہ میں انتہائی لازمی اور بے حد مفید عمل ہے، اور اس کے اثرات ومنافع اور ثمرات ونتائج بہت اچھے اور خوش گوار ہوتے ہیں ۔ ذیل میں اختصار کے ساتھ ان میں سے چند کا ذکر کیا جاتا ہے:جنت کی نعمتوں کا حصول اور جہنم سے نجات قرآنِ کریم میں خدائے ذوالجلال نے شرم گاہ کی حفاظت اور عفت مآبی پر جنت الفردوس کا وعدۂ برحق فرمایا ہے۔ سورۃ المؤمنون میں اہل ایمان کے اوصاف کے ذیل میں : وَالَّذِیْنَ ہُمْ لِفُرُوْجِہِمْ حَافِظُوْنَ۔ (جو اپنی شرم گاہوں کی حرام سے حفاظت کرتے ہیں ) کا ذکر فرماکر آخر میں ارشاد ہے: اَولٰٓئِکَ ہُمُ الْوَارِثُوْنَ۔ الَّذِیْنَ یَرِثُوْنَ الْفِرْدَوْسَ، ہُمْ فِیْہَا خَالِدُوْنَ۔ (المؤمنون ۱۰-۱۱) ترجمہ: یہی لوگ جنت الفردوس کے وارث ہیں ، جہاں ہمیشہ رہیں گے۔ اسی طرح سورۃ المعارج میں اہل جنت کے تذکرے میں والذین ہم لفروجہم حافظون۔ (جو اپنی شرم گاہوں کا تحفظ کرتے ہیں ) کا بیان فرماکر آخر میں ارشاد ہے: اُولٰٓئِکَ فِیْ جَنَّاتٍ مُکْرَمُوْنَ۔ (المعارج: ۳۵)