اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
رائے عالی حضرت اقدس مولانا نعمت اللہ صاحب اعظمی مدظلہ العالی محدث دارالعلوم دیوبند الحمد للہ رب العالمین، والعاقبۃ للمتقین، والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین، وعلیٰ اٰلہ وصحبہ اجمعین۔ عفت وعصمت کا موضوع بلاشبہ انتہائی اہمیت کا حامل موضوع ہے، اسلام اور اس سے پیشتر تمام آسمانی ادیان ومذاہب میں عفت وعصمت کے تعلق سے بے حد بنیادی اور بیش قیمت ہدایات اور تعلیمات، اس موضوع کی نزاکت اور اس کے تحفظ کی تدابیر اور طریقوں کا بہت کچھ مواد موجود ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ کسی بھی قوم کی حیات اور بقا وارتقاء کے لئے عفت وعصمت کا تحفظ کلیدی مقام رکھتا ہے، امتوں کے زوال وادبار کا سب سے بنیادی سبب اخلاقی بے راہ روی اور جنسی آوارگی ہوتا ہے، سقوطِ اقوام کی تاریخ اس پر شاہد عدل ہے، یونانیوں کا زوال ہو، رومیوں کا سقوط ہو، یا موجودہ تہذیب کا کھوکھلاپن ہو، سب کے پس پردہ جنسی اور صنفی بے راہ روی کا طوفانِ بلاخیز کارفرما رہا ہے۔ عزیز گرامی مولانا محمد اسجد صاحب قاسمی ندوی زید فضلہ شیخ الحدیث جامعہ عربیہ امدادیہ مرادآباد کی زیر نظر تصنیف ’’اسلام میں عفت وعصمت کا مقام‘‘ انتہائی برموقعہ اور اہم تصنیف ہے، مقام مسرت ہے کہ اس کتاب میں قرآن وسنت کے حوالے سے انتہائی اہم اور قیمتی مواد اکٹھا ہوگیا