اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
عفت وعصمت کی حفاظت کے شاہ کار نمونے عفت وعصمت کا تحفظ ہر صاحب ایمان کا ایمانی فریضہ بھی ہے اور اخلاقی بھی، یہ اس کی معاشرتی ذمہ داری بھی ہے اور عقل سلیم کا تقاضا بھی، تاریخ کے ہر دور میں ایسی تابندہ شخصیات وجود میں آتی رہی ہیں جنہوں نے نازک ترین حالات اور ہیجان انگیز مواقع میں اپنی عفت وعصمت کی عظمت اور تقدس کو مجروح نہیں ہونے دیا۔ خلوت کے مواقع ہوں ، رات کی ظلمت اور مہیب سناٹا ہو، کوئی آنکھ خدا کی آنکھ کے سوا دیکھنے والی نہ ہو، کوئی زبان ملامت کرنے والی نہ ہو، کوئی طاقت روکنے والی نہ ہو، ایسے موقعوں پر بھی اپنے ضمیر کی آواز پر، اپنی ایمانی وروحانی طاقت کے دباؤ میں اور خدائے ذوالجلال کے خوف سے گناہوں اور بدکاریوں کی غلاظتوں اور آلودگیوں سے اپنا دامن بچالے جانا اور کسی بھی طرح اپنے آبگینۂ عفت وعصمت کو ٹھیس نہ پہنچنے دینا بلاشبہ کسی کرامت سے کم نہیں ، اور یہ توفیق اللہ کے منتخب بندوں ہی کو عطا ہوتی ہے۔ ذیل میں ہم اپنی روشن وتاب ناک تاریخ سے عفت وعصمت کی شاہ کار، مثالی اور آئیڈیل شخصیات کے چند نمونے اپنے مطالعے کی روشنی میں بے کم وکاست پیش کررہے ہیں ، شاید یہ کسی باتوفیق کے دل کے دریچوں کو دستک دے سکیں اور ان کی روشنی میں ہم احتسابِ خویش کا ناخوش گوار فرض انجام دینے اور انقلابِ حال کے فیصلے کے لئے تیار ہوجائیں ۔