اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
ازدواجی زندگی میں عورتوں کی ذمہ داریاں مرد وعورت ازدواجی رشتے میں منسلک ہونے کے بعد انتہائی پاکیزہ اور پرمحبت زندگی گذاریں ، ان کے قدم بدکاری اور گناہ کی راہ پر چلنے کو تیار نہ ہوں ، اور ان کی زندگی مسرت اور سکون کا گہوارہ بن جائے، اسلام کا یہی مطالبہ ہے، اسی لئے اسلام نے ایک طرف مردوں کو بڑی اہمیت کے ساتھ تاکید کی ہے: اِسْتَوْصُوْا بِالنِّسَائِ خَیْراً۔ (ترمذی: کتاب النکاح: باب ما جاء فی حق المرأۃ) ترجمہ: عورتوں کے بارے میں اچھے سلوک اور برتاؤ کی میری تاکید کو قبول کرو۔ اور فرمایا: اَکْمَلُ الْمُؤْمِنِیْنَ اِیْمَاناً اَحْسَنُہُمْ خُلُقاً، وَخِیَارُکُمْ خِیَارُکُمْ لِنِسَائِ کُمْ۔ (ایضاً) ترجمہ: سب سے کامل اہل ایمان وہ ہے جو اخلاق کے اعتبار سے اچھا ہو، تم میں بہتر وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے لئے بہتر ہوں ۔ دوسری طرف عورتوں کے بارے میں فرمایا: لَوْ کُنْتُ آمِراً أَحَداً أَنْ یَسْجُدَ لأَحَدٍ، لأَمَرْتُ الْمَرْأَۃَ أَنْ تَسْجُدَ لِزَوْجِہَا۔ (ترمذی: کتاب النکاح: باب ما جاء فی حق الزوج) ترجمہ: اگر میں کسی کو کسی کے سامنے سجدہ کرنے کا حکم دیتا (غیر اللہ کو سجدہ کرنے کی ذرا بھی گنجائش ہوتی) تو میں عورت کو حکم دیتا کہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔