اسلام میں عفت و عصمت کا مقام |
|
باسمہٖ سبحانہ وتعالیٰپیش گفتار حمداً للہ وصلاۃً وسلاماً، وبعد۔ اِس حقیر سراپا تقصیر کی طرف سے بارگاہِ رب العزت میں حمد وتوصیف اور شکر وسپاس کے جتنے نذرانے پیش کئے جائیں کم ہیں ، واقعہ یہ ہے کہ شکر وسپاس کے اظہار کے لئے جتنے الفاظ، تعبیرات اور طریقے ممکن ہوسکتے ہیں سب استعمال کرلئے جائیں تب بھی اس ذاتِ عالی کے شکر کا ادنیٰ سا حق بھی ادا نہیں ہوسکتا۔ یہ ناقص اور نامکمل کوشش ’’اسلام میں عفت وعصمت کا مقام‘‘ اللہ کی رحمت اور نوازش سے عام، خاص اور اخص الخاص ہر حلقے اور طبقے میں قبول کی گئی، اُسے دادِ تحسین سے نوازا گیا، اور ناچیز مصنف کی حوصلہ افزائی بلند اور وقیع الفاظ میں کی گئی، فالشکر کلہ للّٰہ الاحد۔ کتاب کے دوسرے ایڈیشن مطبوعہ ذی الحجہ ۱۴۳۱ھ کے مختصر ترین عرصے کے فوراً بعد متعدد احباب اور مخلصین کے شدید تقاضے پر اب تیسرا ایڈیشن منظر عام پر آرہا ہے، راقم نے اپنے مجوزہ خاکے کے مطابق جزوی حذف واضافہ کا عمل اس ایڈیشن میں پورا کیا ہے۔ بابِ اول میں ’’نگاہ کی حفاظت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے ایک مضمون کا اضافہ کیا گیا ہے، اسی طرح ایک مستقل باب ’’خواتین کی ذمہ داریاں ‘‘ بڑھایا گیا ہے، جس کا مرکزی عنوان یہ ہے: ’’حسن وجمال رحمت ہے، اُسے زحمت نہ بنائیے‘‘ اس کے علاوہ کچھ غیر ضروری مندرجات کو حذف بھی کیا گیا ہے، راقم نے مستقل خوب سے خوب تر کی جستجو کو مطمح نظر بنارکھا ہے، اس کوشش میں کتنی کام یابی ملی ہے، اس کا اندازہ قارئین ہی فرماسکتے ہیں ۔ اس موقع پر راقم اپنے مخلص احباب کا بصمیم قلب شکر ادا کئے بغیر نہیں رہ سکتا جن کی توجہ،