ملفوظات حکیم الامت جلد 22 - یونیکوڈ |
|
قلق طبعی و معمولات کی کمی حال : ایک عرصہ سے بعض اشعار اور بعض مضامین ورسائل لکھنے کی وجہ سے معمولات کا نظام بگڑ راہا ہے بہت ہمت باندھ کر پوری مقدار اور پابندی کرنا چاہتا ہوں مگر سستی یا تساہل کا غلبہ ہوکر خلل ہوجاتا ہے ۔ اسی کشمکش میں ایک عرصہ سے عریضہ پیش نہیں کیا کہ نسخہ ہی استعمال نہ ہوتو حال کیا کہا جاسکے ۔ نماز ، تلاوت ، وذکر ، دعا ،استغفار کسی کا بھی پہلا سا نہیں رہا ۔ اسی وجہ سے معمولات میں کمی پڑی ہے ۔ تحقیق : قلق طبعی معین تجدید عمل ہے ۔ ایسے تغیرات اوسباب تغیراب سب کو پیش آتے ہیں ۔ اکابر بھی اس سے خالی نہیں ، جس کا تدارک اعادہ توجہ و عمل ہے ، اس طرح قوت ضبط بڑھ جاتی ہے اور تمکین نصیب ہوجاتی ہے اس لئے بددل نہ ہونا چاہیے ۔ قلق طبعی مضر نہیں بلکہ معین ہے تجدید عمل کا لیکن اختیاری قلق اور اس میں انہماک کے ساتھ اشتغال یہ مضر ہے ۔ اس سے اعراض کر کے مستقبل کا انتظام درست کرلیا جائے اگرچہ تکلیف سے ہوا اگرچہ نشاط سے خالی ہو ۔ چند روز میں پھر اکثر تو حالت دلخواہ ہوجاتی ہے اور نہ بھی ہو تب بھی مقصود حاصل ہے یعنی طاعات عاجلا اور اجر آجلا ۔ کبر کا علاج حال : علاج امراض میں کبر کا علاج مراقبہ عیوب و معاصی سے بحمداللہ فائدہ مند ہے اب اکثر اپنے کو اپنی حیثیت میں سمجھتا ہوں ، کسی کو تحقیر و تذلیل بلکہ گالیوں سے بھی پہلا اثر بحمداللہ نہیں ہوتا ۔ غصہ بھی بہت کم آتا ہے ۔ آتا بھی ہے تو بہت جلد زائل ہوجاتا ہے ۔ فالحمدللہ علی ذالک تحقیق : اللہ تعالٰٰی ثبات ورسوخ عطا فرمادے ۔ حفظ عفت کیلئے ریل سے کود پڑبا خود کشی نہیں حال : ایک بی بی ڈاک گاڑی میں سفر کررہی تھیں ، شام کا وقت تھا ، یہ زنانہ درجہ میں تنہا تھیں ، گاڑی میں ایک لمبا تڑنگا مرد چڑھ آیا اور ان کو دھمکانا شروع کیا ، خدا تعالٰی نے ان کو بھی ہمت دی ، انہوں نے بھی اس کو ڈانٹا ۔ اور خطرہ کی زنجیر کھینچ لی ۔ گاڑی ٹھہری اور وہ شخص کود کر بھاگ گیا اور تاریکی میں غائب ہوگیا ۔ ان بی بی نے ارادہ کرلیا تھا اگر گاڑی نہ ٹھہری تو میں گاڑی سے کود جاؤں گی تو سوال کیا گیا کہ اگر ایسا ہوتا تو کیا یہ خودکشی ہوتی ۔