ملفوظات حکیم الامت جلد 22 - یونیکوڈ |
|
نوزائیدہ بچوں کیلئے تبرک کا طریقہ چونکہ نوزائیدہ بچوں کے کرتوں کیلئے اکثر حضرت والا سے کپڑا بطور تبرک مانگا جاتا ہے اس لئے حضرت والا اپنے کہنہ مستعمل کرتوں میں سے ایسے بچوں کے ناپ کے چند چھو ٹے چھوٹے کرتے قطع کرا کر ایسے موقعوں کے لئے رکھ لیتے ہیں تاکہ وقت پر تردد نہ کرنا پڑے ۔ عقیدت سے زیادہ مجھے محبت پسند ہے فرمایا کہ مجھ کو بہ نسبت عقیدت کے محبت زیادہ پسند ہے چونکہ عقیدت خیالی چیز ہے ذرا میں زائل ہوجاتی ہے اور محبت زائل نہیں ہوتی ہے ۔ اصلاح اعمال ذکر وشغل پر مقدم ہے فرمایا کہ کوئی ذکر وشغل کرتا ہو تو مجھے اس وقت تک اس کی قدر نہیں ہوتی جب تک کہ اس کے اعمال درست نہ ہوں عمل تو وہ ہے کہ جس میں لذت میں کوفت ہو اور پھر بھی رضا حاصل کرنے کے لئے اسے کرے اسی طرح چاہیے کہ خود تنگی اٹھائے اور دوسروں کے حقوق ادا کرے ۔ تہذیب اخلاق و دیانت مقدم ہے تعلیم ظاہری پر فرمایا مجھ کو علم کے پڑھانے لکھا نے کا زیادہ اہتمام نہیں ہے جس قدر تہذیب اخلاق ودیانت کا کیونکہ لکھنے پڑھنے کا اہتمام تو ہر جگہ ہوتا ہے لیکن اخلاق کی طرف کسی کو خیال بھی نہیں ہے مثلا میں اس پر زیادہ نظر نہیں کرتا کہ کس نے جماعت سے نماز پڑھی کس نے نہیں پڑھی ۔ اول تو عذر کا احتمال ہے دوسرے اس میں صرف فاعل کا حرج ہے کسی دوسرے کو اذیت نہیں ۔ بخلاف اس کے کسی سے کوئی حرکت خلاف تہذیب سرزد ہو اس کا اس لئے اچھی طرح تدارک کیا جاتا ہے کہ اس میں اوروں کو تکلیف ہوتی ہے ۔ تجسس سے حضرت والا کی نفرت حضرت والا تجسس ہر گز نہیں فرماتے البتہ جب کسی کو بے عنوانی ظاہر ہوجاتی ہے تو پھر تسامح بھی نہیں فرماتے ۔ سبحان اللہ یہی طریق شریعت کے مطابق بھی ہے ۔