ملفوظات حکیم الامت جلد 22 - یونیکوڈ |
|
مہمان کو بے تکلف کرنے کی تدبیر فرمایا کہ امام شافعی سماع حدیث کے لئے امام مالک صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے مہمان ہوئے ۔ کھانے کے وقت خادم نے اطلاع کی کہ کھاتا تیار ہے ۔ امام مالک نے فرمایا لے آؤ ہاتھ دھلانے کے لئے پانی لایا اور پہلے امام شافعی کے ہاتھ دھلانے چاہے ۔ امام مالک نے فرمایا کہ پہلے ہمارے ہاتھ دھلاؤ اسی طرح کھانا رکھتے وقت فرمایا کہ کھانا پہلے ہمارے سامنے رکھو اس کے بعد خود پہلے کھانا شروع کردیا ۔ یہ ترتیب اس وقت کے رسم و تکلف کے خلاف ہے لیکن اس میں ایک بہت بڑا دقیقہ پر امام کی نظر گئی اس لئے کہ مہمان کو پیش قدمی کرتے ہوئے شرم دامنگیر ہوتی ہے ۔ خصوصا کھانے میں ابتدا کرتا ہوں مہمان شرماتا ہے ۔ آپ نے یہ ترتیب مہمان کو بے تکلفی کرنے کے لئے اختیار فرمائی ۔ اسلام تمام اخلاق حمیدہ کی جڑ ہے فرمایا کہ کفر جڑ ہے تمام اخلاق رذیلہ کی اور اسلام جڑ ہے تمام اخلاق حمیدہ کی ۔ اس لئے کفر کے ہوتے ہوئے اتفاق ہونا نہایت عجیب ہے ۔ اور اسلام کے ہوتے ہوئے نا اتفاقی ہونا عجیب ہے ان دونوں کا سبب کچھ عوارض ہوتے ہیں ۔ ہدیہ تطہیر قلب کا ذریعہ ہے فرمایا کہ ہدیہ دے کر کسی عنایت کی توقع نہایت ہی منکر وقبیح ہے مجھ کو تو یہ پسند نہیں کہ ہدیہ دے کر دعا کے لئے کہا جائے اس لئے کہ ہدیہ تو محض طیب قلب سے اور تطہیر قلب کے لئے ہوتا ہے ۔ مولانا قاسم صاحب کا قبولیت ہدیہ فرمایا مولانا محمد قاسم صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ اگر یہ شبہ ہوجائے کہ یہ شخص ہم کو غریب سمجھ کر ہدیہ دے رہا ہے لینے کو جی نہیں چاہتا ۔ ہم غریب ہی سہی مگر اس کو کیا حق ہے کہ وہ غریب سمجھ کر دے ۔ غرض یہ کہ مولانا رفع حاجت کی مصلحت کی آمیزش کو بھی نہیں پسند فرماتے تھے ۔ اور ایک یہ بھی معمول تھا کہ سفر میں ہدیہ لینا پسند نہ فرماتے تھے ۔ بعض اوقات پہلے سے آمادگی نہیں ہوتی منہ دیکھ کر خیال ہوجاتا ہے تو طبیب قلب سے نہ ہوا ۔