حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
روایت میں یہ ہے کہ حضورﷺ نے اُن سے فرمایا: تمہیں اسلام لانے سے کون سی چیز روک رہی ہے؟ میں نے کہا: میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ کی قوم نے آپ کو جھٹلایا ہے اور آپ کو (آپ کے شہر مکہ سے) نکال دیا اور اب آپ سے جنگ کررہے ہیں ۔ میں دیکھ رہا ہوں اب آپ کیا کریں گے؟ اگر آپ ان پر غالب آگئے تو میں آپ پر ایمان لے آؤںگا اور آپ کا اتباع کروں گا، اور اگر وہ آپ پر غالب آگئے تو آپ کا اتباع نہیں کروں گا۔1حضورﷺکا حضرت بشیر بن خصاصِیَّہؓ کو دعوت دینا حضرت بشیر بن خصاصِیَّہؓفرماتے ہیں کہ میں حضورﷺکی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ نے مجھے اسلام کی دعوت دی، پھر آپ نے مجھ سے فرمایا: تمہارا کیانام ہے؟میں نے کہا: نذیر۔ آپ نے فرمایا: نہیں بلکہ(آج سے تمہارا نام) بشیر ہے۔ آپ نے مجھے صُفَّہ چبوترا پر ٹھہرایا(جہاں فُقرا مہاجرین ٹھہرتے تھے)۔آپ کی عادتِ شریفہ یہ تھی کہ جب آپ کے پاس ہدیہ آتا تو خود بھی اسے استعمال فرماتے اور ہمیں بھی اس میںشریک فرمالیتے، اور جب صدقہ آتا تو سارا ہمیں دے دیتے۔ ایک رات آپ گھر سے نکلے میں بھی آپ کے پیچھے ہولیا۔ آپ جنت البقیع تشریف لے گئے اور وہاں پہنچ کر یہ دعا پڑھی: اَلسَّلاَمُ عَلَیْکُمْ دَارَ قَوْمٍ مُّؤْمِنِیْنَ وَإِنَّا بِکُمْ لاَحِقُوْنَ وَإِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ اور پھر فرمایا: تم نے بہت بڑی خیر حاصل کرلی، اور بڑے شر اور فتنہ سے بچ کر تم آگے نکل گئے۔ پھر میری طرف متوجہ ہو کر فرمایا: یہ کون ہے؟میں نے کہا: بشیر۔ آپ نے فرمایا :تم عمدہ گھوڑوں کو کثرت سے پالنے والے قبیلہ ربیعہ میں سے ہو جو یہ کہتے ہیں کہ اگر وہ نہ ہوتے تو زمین اپنے رہنے والوں کولے کر اُلٹ جاتی۔ کیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ اس قبیلہ میں سے اللہ پاک نے تمہارے دل اور کان اور آنکھ کو اسلام کی طرف پھیردیا؟ میں نے کہا :یارسول اللہ! بالکل راضی ہوں۔ آپ نے فرمایا: تم یہاں کیوں آئے ہو؟ میں نے کہا: مجھے اس بات کاڈر ہوا کہ آپ کو کوئی مصیبت نہ پہنچ جائے یازمین کاکوئی زہریلاجانور نہ کاٹ لے۔1حضورﷺ کا ایسے صحابی کو دعوت دینا جن کا نام نہیں بیان کیا گیا قبیلہ بَلْعَدَوِیہ کے ایک شخص کہتے ہیں کہ مجھے میرے دادا نے اپنے اسلام لانے کا قصہ اس طرح سے سنایا کہ میں مدینہ کے ارادہ سے چلا تو ایک وادی کے پاس میں نے پڑاؤ ڈالا، تو میں نے دیکھاکہ دو آدمی آپس میں بکری کا سودا کررہے ہیں اور خریدار بیچنے والے سے کہہ رہا ہے کہ مجھ سے خرید و فروخت میں اچھا معاملہ کرو۔ تو میں نے دل میں کہا: کیا یہ وہی ہاشمی ہے جس نے لوگوں کو گمراہ کیا ہے؟ اتنے میں ایک اور آدمی آتاہوا نظر آیا جس کا جسم بہت خوب صورت اور پیشانی کشادہ اور ناک پتلی اور بھنویں باریک تھیں اور سینے کے اوپر والے حصے سے ناف تک کالے دھاگے کی طرح سے کالے بالوں کی ایک