حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت عمار بن یاسر ؓ کی بہادری حضرت ابنِ عمر ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے جنگِ یمامہ کے دن حضرت عمار بن یاسر ؓ کو ایک چٹان پر دیکھا جس پر کھڑے ہوکر وہ زور زور سے مسلمانوں کو آواز دے رہے تھے: اے مسلمانو! کیا تم جنت سے بھاگ رہے ہو؟ میں عمار بن یاسر ہوں، میری طرف آئو۔ اور میں اُن کے کان کو دیکھ رہا تھا کہ وہ کٹا ہوا تھا اور ہل رہا تھا اور وہ پورے زور سے جنگ کر رہے تھے (انھیں کان کی تکلیف کا احساس بھی نہیں تھا )۔3 حضرت ابو عبد الرحمن سلمی ؓ فرماتے ہیں کہ ہم حضرت علی ؓ کے ساتھ جنگ ِ صفّین میں شریک ہوئے۔ اور ہم نے حضرت علی کی حفاظت کے لیے دو آدمی مقرر کیے تھے۔ جب ساتھیوں میں غفلت اور سستی آجاتی تو حضرت علی مخالفوں پر حملہ کر دیتے اور تلوار کو خون میں اچھی طرح رنگ کر ہی واپس آتے اور فرماتے: اے مسلمانو! مجھے معذور سمجھو، کیوںکہ میں اسی وقت واپس آتا ہوں جب میری تلوار کند ہوجاتی ہے (اور مزید کاٹنا چھوڑ دیتی ہے)۔ حضرت ابو عبد الرحمن فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عمار ؓ اور حضرت ہاشم بن عتبہ ؓ کو دیکھا جب کہ حضرت علی ؓ دونوں صفوں کے درمیان دوڑ رہے تھے۔ (یہ دیکھ کر) حضرت عمار نے فرمایا: اے ہاشم! اللہ کی قسم! ان کے حکم کی خلاف ورزی کی جائے گی اور ان کے لشکر کی مدد چھوڑ دی جائے گی۔ پھر کہا: اے ہاشم! جنت ان چمک دار تلواروں کے نیچے ہے۔ آج میں اپنے محبوب دوستوں حضرت محمد ﷺ اور اُن کی جماعت سے (شہید ہو کر) ملاقات کروں گا۔ اے ہاشم! تو کانا ہے اور کانے آدمی میں خیر نہیں ہوا کرتی ہے، وہ لڑائی کے میدان پر چھا نہیں سکتا۔ (حضرت عمار کی ترغیب پر حضرت ہاشم جوش میں آگئے) اور انھوں نے جھنڈا ہلایا اور یہ اَشعار پڑھے: أَعْوَرُ یَبْغِيْ أَھْلَہٗ مَحَلاًّ قَدْ عَالَجَ الْحَیَاۃَ حَتّٰی مَلاَّ لَا بُدَّ أَنْ یَّفُلَّ اَوْ یُفَلاَّ یہ کانا اپنے گھر والوں کے لیے رہنے کی جگہ تلاش کرتا رہا ہے۔ اس تلاش میں ساری زندگی گزار ڈالی اور اب وہ اس سے اُکتا گیا ہے۔ اب یہ کانا یا تو دشمن کو شکست دے گا یا پھر شکست کھائے گا یعنی فیصلہ کن جنگ کرے گا۔ پھر صفّین کی ایک وادی میں چلے گئے۔ حضرت ابو عبد الرحمن سلمی راوی کہتے ہیں کہ میں نے حضرت محمد ﷺ کے صحابہ کو دیکھا کہ وہ سب حضرت عمار کے پیچھے پیچھے چلتے تھے گویا کہ حضرت عمار ؓ اُن کے لیے جھنڈا تھے ۔1 دوسری روایت میں حضرت ابو عبد الرحمن سلمی ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ حضرت عمار ؓ صفّین کی جس وادی میں