حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت ابوبکر صدیقؓ کی حضورﷺ سے ملاقات ہوئی تو انھوں نے عرض کیا: اے محمد ! قریش جو کچھ کہہ رہے ہیں کیا وہ صحیح ہے کہ آپ نے ہمارے معبودوں کو چھوڑ دیا ہے اور آپ نے ہمیں بے وقوف بتایا ہے اور ہمارے آباء واَجداد پر کفر کا الزام لگایا ہے؟ آپ نے فرمایا :ہاں، یہ سب صحیح ہے۔ بے شک میں اللہ کا رسول اور نبی ہوں۔ اللہ نے مجھے اس لیے مبعوث فرمایا ہے تاکہ میں اس کا پیغام پہنچاؤں ۔ میں تمہیں یقین کے ساتھ اللہ کی دعوت دیتا ہوں ۔ اللہ کی قسم ! بے شک حق یہی ہے۔ اے ابوبکر ! میں تم کو ایک اللہ کی دعوت دیتا ہوں جس کا کوئی شریک نہیں ہے، اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ہمیشہ اس کی اِطاعت کرتے رہو۔اس کے بعد آپ نے قرآن پڑھ کر سنایا ۔ حضرت ابوبکر نے نہ اقرار کیا اور نہ انکار اور اسلام لے آئے اور بت پرستی چھوڑ دی اور اللہ کے شریکوں کو بھی چھوڑ دیا اور اسلام کی حقانیت کا اقرار کرلیا، اور ایمان و تصدیق کے ساتھ حضرت ابوبکر واپس ہوئے۔ 1 دوسری روایت میں یہ آیا ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا کہ میں نے جس کو بھی اسلام کی دعوت دی وہ ضرور ہچکچایا اور تردّد میں پڑا اور کچھ دیر سوچ کر اسلام کو قبول کیا، لیکن جب میں نے ابوبکر کو دعوت دی وہ نہ ہچکچائے اور نہ تردّد میں پڑے بلکہ فوراً اسلام لے آئے ۔2 لہٰذا پہلی روایت میں جو یہ الفاظ گزرے ہیں کہ ابوبکر نے نہ اقرار کیا اور نہ انکار کیا، یہ صحیح نہیں ہے کیوں کہ ابنِ اسحاق وغیرہ بہت سے راویوں نے ذکر کیا ہے کہ حضرت ابوبکرؓ بعثت سے پہلے ہی حضورﷺ کے ہر وقت ساتھ رہنے والے تھے اور اچھی طرح سے جانتے تھے کہ حضورﷺسچے اور امانت دار ہیں، اور عمدہ طبیعت اور بہترین اخلاق کے مالک ہیں ، کبھی مخلوق کے بارے میں جھوٹ نہیں بول سکتے ہیں تو اللہ کے بارے میں کیسے جھوٹ بول سکتے ہیں۔ لہٰذا جوں ہی حضورﷺ نے ان سے یہ بات ذکر کی کہ اللہ نے ان کو رسول بنا کر بھیجا ہے، انھوں نے فوراً اس کی تصدیق کی، اور ذرہ برابر بھی نہ ہچکچائے اور نہ دیر کی۔ ’’بخاری شریف‘‘ میں حضرت ابودرداءؓسے منقول ہے کہ ایک مرتبہ حضرت ابوبکر اورحضرت عمرؓ میں کچھ جھگڑا ہوگیا تو حضورﷺ نے فرمایا: اللہ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا تھا اس وقت تم سب نے کہا تھا کہ میں غلط کہتا ہوں، لیکن ابوبکر نے کہا تھا کہ یہ صحیح کہتے ہیں اور جان و مال سے انھوں نے میری ہمدردی کی تھی، تو کیا تم لوگ میری وجہ سے میرے اس ساتھی کو چھوڑ دوگے؟ یہ جملہ حضورﷺ نے دو دفعہ ارشاد فرمایا، اس کے بعد حضرت ابوبکرکو کسی نے کبھی کچھ تکلیف نہیں دی۔ حضورﷺ کا یہ ارشاد اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ حضرت ابوبکرؓ سب سے پہلے اسلام لائے ۔3حضورﷺ کا حضرت عمر بن خطّابؓ کو دعوت دینا