حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
فرمایا: کسی چیز کو کبھی گالی نہ دینا۔ (حَکَم راوی کو شک ہوا کہ اس موقع پر حضورﷺ نے شَیْئًا فرمایا یا أَحَداً فرمایا، مطلب دونوں کا ایک ہی ہے) وہ صاحب کہتے ہیں کہ حضورﷺ کے وصیّت فرمانے کے بعد میں نے آج تک کبھی کسی اونٹ یا کسی بکری کو بھی گالی نہیں دی۔ 2حضورﷺ کا حضرت معاویہ بن حیدہ ؓ کو دعوت دینا حضرت معاویہ بن حیدہ ؓ بیان فرماتے ہیں کہ میں نے حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا: یا رسول اللہ! میں آپ کی خدمت میں اب تک اس لیے نہیں آیا تھا کہ میں نے ہاتھوں کے پوروں کی تعداد سے بھی زیادہ مرتبہ قسم کھائی تھی کہ نہ میں کبھی آپ کے پاس آؤں گا اور نہ آپ کے دین کو اختیار کروں گا۔ اور حضرت معاویہ نے یہ فرماتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو ایک دوسرے پر رکھتے ہوئے پوروں کی تعداد کی طرف اشارہ فرمایا (لیکن اب اللہ تعالیٰ مجھے آپ کے پاس لے ہی آیا ہے) تو آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔ اور میری حالت یہ ہے کہ میرے پاس تھوڑا سا علم ہے۔ میں آپ کو اللہ کی عظیم ذات کا واسطہ دے کر پوچھتا ہوں کہ ہمارے ربّ نے آپ کو کیا دے کر ہمارے پاس بھیجا ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا: دینِ اسلام دے کر بھیجا ہے۔ حضرت معاویہ نے پوچھا: دینِ اسلام کیا ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا: دینِ اسلام یہ ہے کہ تم یہ کہو: میں نے اپنے آپ کو اللہ کا فرماں بردار بنادیا اور اللہ کے علاوہ باقی سب سے میں الگ ہوگیا اور نماز کو قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو۔ ہر مسلمان دوسرے مسلمان کے لیے قابلِ احترام ہے ، دونوں مسلمان آپس میں بھائی اور ایک دوسرے کے مددگار ہیں۔ اور مشرک آدمی جب مسلمان ہوگیا تو اب اسلام کے بعد اللہ تعالیٰ اس کے عمل کو اس وقت قبول فرمائیں گے جب وہ مشرکوں سے جدا ہوجائے (یعنی ہجرت کرلے)۔ مجھے کیا ضرورت تھی کہ میں تمہاری کمر پکڑ کر تم لوگوں کو جہنم کی آگ سے بچاؤں؟ مگر سنو! بات یہ ہے کہ میرا ربّ مجھے بلائے گا اور مجھ سے پوچھے گا کہ کیا میرا دین تونے میرے بندوں تک پہنچادیا تھا؟ تو میں عرض کرسکوں گا: اے میرے ربّ ! ہاں میں نے پہنچادیا تھا ۔ غور سے سنو! تم میں سے جو یہاں حاضر ہیں وہ غائبین تک میرا دین پہنچائیں۔ غور سے سنو ! تمہیں قیامت کے دن اللہ کے سامنے اس حالت میں بلایا جائے گا کہ تمہارے منہ بند کیے ہوئے ہوں گے (یعنی تم بات نہیں کرسکوگے)، اور سب سے پہلے ہر آدمی کی ران اور ہتھیلی اس کے اعمال کی خبر دے گی۔ حضرت معاویہ فرماتے ہیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہی ہمارا دین ہے؟ آپ نے فرمایا :ہاں یہی تمہارا دین ہے، جہاں بھی رہ کر تم اس پر اچھی طرح چلوگے یہ دین تمہارے لیے کافی ہوجائے گا۔ 1حضورﷺ کا حضرت عدی بن حاتمؓ کو دعوت دینا حضرت عدی بن حاتمؓ فرماتے ہیں کہ جب مجھے حضورﷺ کے مدینہ منورّہ ہجرت کرنے کی خبر ملی (یا آپ کے دعوائے