حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کہ اللہ سے ڈرو، اور امیر کی بات سنو اور مانو اگرچہ وہ حبشی غلام ہو، کیوں کہ تم میں سے میرے بعدجو بھی زندہ رہے گا وہ بہت سے اختلافات دیکھے گا، تو ایسی صورت میں میری اور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کی سنت پر عمل کرتے رہنا اور اسے تھامے رکھنا اور دانتوں سے مضبوط پکڑے رکھنا، اور نئی نئی باتوں سے بچنا کیوں کہ ہر نئی بات بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے ۔2 حضرت عمر ؓ حضورِ اَکرمﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے رب سے اپنے بعد صحابہ(ؓ)میں ہونے والے اختلاف کے بارے میں پوچھا،تو اللہ تعالیٰ نے میرے پاس یہ وحی بھیجی کہ اے محمد !آپ کے صحابہ میرے نزدیک آسمان کے ستاروں کی مانند ہیں، ہر ستارے میں نورہے، لیکن بعض ستارے دوسروں سے زیادہ روشن ہیں۔ جب صحابہ کی کسی امر کے بارے میں رائے مختلف ہوجائے تو جو آدمی اُن میں سے کسی بھی ایک کی رائے پر عمل کرلے گا وہ میرے نزدیک ہدایت پر ہے۔ اور آپ نے فرمایا: میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں جس کی بھی اقتدا کروگے ہدایت پاجاؤگے ۔3 حضرت حذیفہ ؓ حضورِ اَقدسﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ مجھے معلوم نہیں ہے کہ میں تم میں کتنا عرصہ رہوں گا۔ اور حضرت ابوبکر و حضرت عمر ؓ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ میرے بعد ان دونوں کی اِقتدا کرنا، اور عمار کی سیرت اپناؤ، اور ابنِ مسعود تمہیں جو بھی بتائیں اسے سچا مانو۔4 حضرت بلال بن حارث مُزَنی ؓ حضورِ اَقدسﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ جس نے میرے بعد میری کسی مٹی ہوئی سنت کو زندہ کیا تو جتنے لوگ اس سنت پر عمل کریں گے اُن سب کے برابر اسے اجر ملے گا اور اس سے ان لوگوں کے اجر میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔اور جس نے گمراہی کا کوئی ایسا طریقہ ایجاد کیا جس سے اللہ اور اس کے رسول کبھی راضی نہیں ہوسکتے، تو جتنے لوگ اس طریقہ پر عمل کریں گے اُن سب کے برابر اسے گناہ ہوگا اور اس سے ان لوگوں کے گناہ میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ 1 حضرت عمرو بن عوف ؓ حضورِ اَقدسﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں کہ دِین حجاز کی طرف ایسے سمٹ آئے گا جیسے کہ سانپ اپنے بل کی طرف سمٹ آتا ہے، اور دِین حجاز میں اپنی جگہ اس طرح ضرور بنالے گا جس طرح پہاڑی بکری(شیر کے ڈر کی وجہ سے) پہاڑی کی چوٹی پر اپنی جگہ بناتی ہے۔ دین شروع میں اجنبی تھا اور عنقریب پھر پہلے کی طرح اجنبی ہوجائے گا، لہٰذا اُن لوگوں کے لیے خوش خبری ہے جن کو دین کی وجہ سے اجنبی سمجھا جائے۔ اور یہ وہ لوگ ہیں جو میرے بعد میری جس سنت کو لوگ بگاڑدیں یہ اس سنت کو ٹھیک کردیتے ہیں ۔2 حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ حضورِ اَقدسﷺ نے مجھے ارشاد فرمایا کہ اے میرے بیٹے! اگر تم ہر وقت اپنے دل کی یہ