حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سختیاں برداشت کرنے کا بہت بڑا ہتھیار تھے۔ دعوت اُن کے زمانہ میں ہندوستان سے نکل کر اسلامی ممالک اور یورپ و امریکہ ، جاپان و جزائرِ ہند تک پہنچ گئی تھی، اور ایک ایسی ضخیم کتاب کی سخت ضرورت تھی کہ جس کا مطالعہ و مذاکرہ دعوت میں لگنے والے اور بیرونی اَسفار میں جانے والے کرسکیں، تاکہ اس سے اُن کے دل و دماغ کو غذا حاصل ہو ، دینی جذبات میں تحریک ہو، دعوت کے ساتھ ان کی اِتباع کا جذبہ اور جان و مال لگادینے کا شوق بیدار ہو اور وہ ہجرت و نصرت ، فضائلِ اعمال و مکارمِ اخلاق کے لیے مہمیز کا کام کرے۔ جب کبھی وہ ان واقعات و حکایات کو پڑھیں اور سنیں تو اس میں ایسا کھوجائیں جیسے چھوٹے موٹے دریا سمندر میں کھوجاتے ہیں اور قد آور انسان پہاڑ کے سامنے پست ہوجاتے ہیں، یہاں تک کہ اُن کو اپنے یقین پر شبہ ہونے لگے ، اعمال نظروں میں حقیر ہوجائیں اور زندگی بے حیثیت نظر آنے لگے ،اُن کی ہمتیں بلند ہوں، دلوں میں شوق ہو اور عزم و ارادہ میں پختگی اور جوش ہو۔ اللہ تعالیٰ کی مشیّت و ارادہ سے دعوت کی عزت و فضیلت کے ماسوا، اس بلند پایہ کتاب کی تالیف کا شرف بھی حضرت مولانا محمد یوسف صاحب کو ملا۔ حالاں کہ اُن کی زندگی کے مشاغل، اَسفار کی کثرت، مہمانوں کا ہجوم، وفود کی آمد اور درس و تدریس کے اشتغال کے ساتھ تصنیف و تالیف کا کوئی امکان نہ تھا، لیکن انھوں نے اللہ کی توفیق و مدد، بلند ہمتی اور قوت و عزیمت سے تصنیف و تالیف کا کام بھی انجام دیا اور اس طرح دعوت و تصنیف کو جمع کردیا جن کا اجماع یقیناً سخت دشوار اور مشکل ہے۔ انھوں نے نہ صرف تین ضخیم جلدوں میں صحابۂ کرام ؓ کے حالات جمع کیے اور سیرت و تاریخ اور طبقات کی کتابوں میں جو مواد منتشر تھا اس کو یکجا کردیا، بلکہ امام طحاوی کی کتاب’’ شرح معانی الآثار‘‘ کی شرح تیار کی، جو اللہ کی توفیق سے کئی ضخیم جلدوں میں ہے۔ مصنّف گرامی قدر نے رسول اللہﷺکی سیرت کے واقعات سے ابتدا کی ہے، اور ساتھ ساتھ صحابہ ؓ کے حالات بھی تحریر کیے ہیں، اور خاص طور پر دعوتی اور تربیتی پہلو کو اجاگر کیا ہے۔ اس طرح یہ دُعاۃ کا ایسا تذکرہ ہے جو کام کرنے والوں کے لیے زادِ راہ اور مسلمانوں کے ایمان و یقین کا سرچشمہ ہے۔ انھوں نے اس کتاب کے اندر صحابۂ کرام ؓ کے وہ حالات و واقعات درج کیے ہیں جن کا کسی ایک کتاب میں ملنا ممکن نہیں ہے، کیوں کہ یہ قصے اور حکایات مختلف حدیث کی کتابوں یا تاریخ و طبقات کے مجموعوں اور کتب ِمسانید سے حاصل کیے گئے ہیں۔ اس طرح یہ ایک ایسا دائرۃ المعارف (انسا ئیکلوپیڈیا) تیار ہوگیا ہے جو اس زمانے کی تصویر سامنے رکھ دیتا ہے، جس میں صحابۂ کرام ؓ کی زندگی اُن کے اخلاق و خصائص کے تمام پہلوؤں اور باریکیوں کے ساتھ نظر آتی ہے۔