حیاۃ الصحابہ اردو جلد 1 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
میری نافرمانی کرے گا وہ دوزخ کی آگ میں جائے گا۔ اے عمرو! ایمان لے آؤ، اللہ تعالیٰ تمہیں جہنم کی ہولناکی سے اَمن دے گا۔ میں نے کہا: میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں آپ اللہ کے رسول ہیں، اور آپ جو حلال اور حرام لے کر آئے ہیں میں اس سب پر ایمان لے آیا اگرچہ یہ بات بہت سی قوموں کو بری لگے گی۔ پھر میں نے آپ کو وہ چند اَشعار پڑھ کر سنائے جو میں نے آپ کی بعثت کی خبر سن کر کہے تھے۔ ہمارا ایک بُت تھا اور میرے والد اس کے خادم تھے، میں نے کھڑے ہوکر اس بت کو توڑ دیا۔ پھر میں حضور ﷺ کی طرف چل دیا اور میں یہ اشعار پڑھ رہا تھا : شَہِدْتُّ بِأَنَّ اللّٰہَ حَقٌّ وَّإِنَّنِيْ لِاٰلِہَۃِ الْأَحْجَارِ أَوَّلُ تَارِکٖ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ حق ہے اور میں پتھروں سے بنے ہوئے بتوں کو سب سے پہلے چھوڑ نے والا ہوں۔ وَشَمَّرْتُ عَنْ سَاقِي الإِ زَارَ مُہَاجِرًا أجُوْبُ إِلَیْکَ الْوَعْثَ بَعْدَ الدَّکَادِکٖ اور میں نے اپنی پنڈلی سے لنگی کو اوپر چڑھالیا، اور میں ہجرت کرتا ہوا جارہا ہوں (یا رسول اللہ!) آپ تک پہنچنے کے لیے دشوار گزرا راستوں کو اور سخت زمینوں کو طے کررہا ہوں ۔ لِأَصْحَبَ خَیْرَ النَّاسِ نَفْسًا وَّوَالِدًا رَسُوْلَ مَلِیْکِ النَّاسِ فَوْقَ الْحَبَائِکٖ (میںیہ ساری مشقت اس لیے اٹھارہا ہوں) تاکہ میں اس ذات کی صحبت میں رہا کروں جو خود بھی لوگوں میں سب سے بہتر ہیں اور ان کا خاندان بھی، اور جو اس اللہ کے رسول ہیں جو تمام انسانوں کابادشاہ ہے اور آسمانوں کے اُوپر ہے۔ حضورﷺ نے (اَشعار سن کر) کہا: شاباش اے عمر و بن مرّہ! پھر میں نے کہا: میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں! آپ مجھے میری قوم کی طرف بھیج دیں، ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان پر بھی میرے ذریعہ سے فضل فرمادے جیسے آپ کے ذریعے سے مجھ پر فضل فرمایا۔چناںچہ آپ نے مجھے بھیج دیا اور یہ ہدایات دیں کہ نرمی سے پیش آنا اور صحیح اور سیدھی بات کہنا، سخت کلامی اور بدخلقی سے پیش نہ آنا، اور تکبر اور حسد نہ کرنا۔ میں اپنی قوم کے پاس آیا اور میں نے کہا: اے بنی رِفاعہ! بلکہ اے قبیلہ جُہَیْنہ! میں تمہاری طرف اللہ کے رسول (ﷺ) کا قاصد ہوں، اور تمہیں اِسلام کی دعوت دیتا ہوں، اور میں تمہیں اس بات کا حکم دیتا ہوں کہ تم خون کی حفاظت کرو اور صلہ رحمی کرو اور ایک اللہ کی عبادت کرو اور بتوں کو چھوڑ دو اور بیت اللہ کا حج کرو اور بارہ مہینوں میںسے رمضان کے ایک