ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 92 رکھے ہیں کہ لوگوں کو پھنسائیں اور بزرگوں پر بدگمانی زہر قاتل ہے ۔ ( 156 ) معلم کو اجرت بذل سعی کی ملتی ہے : فرمایا کہ معلمین کو اجرت علم کے عوض میں نہیں ہوتی ، ورنہ چاہئے تھا کہ اگر علم کسی کو حاصل نہ ہو تو یہ مستحق اجرت نہ ہوں ، بلکہ یہ اجرت بذل سعی اور صرف کوشش کی ہوتی ہے ۔ لہذا اگر لڑکوں کو کچھ بھی نہ آئے تب بھی ان کے سرپرستوں پر تنخواہ واجب ہو گی ۔ ( 157 ) متعلقین کی ناگوار حرکت سے سخت تکلیف ہوتی ہے : ایک شخص نے ایک عورت کی طرف سے جو کہ حضرت مولانا کی پیر بہن مگر حضرت حاجی صاحب کی سپردگی کی وجہ سے بمنزلہ مرید تھی ۔ مولانا کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ فلاں عورت بیمار ہے اور آپ کو اس نے بلایا ہے ۔ مولانا نے فرمایا کہ اس سے کہنا کہ میں ہر گز نہ آؤں گا اور میں تجھ سے ناخوش ہوں کیونکہ تو میرے بتلائے ہوئے طریقے پر نہیں چلتی ۔ اس کے بعد فرمایا کہ میں نے جو بیعت کرنے میں بہت کمی کر دی ہے اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ میں نے تجربہ کیا کہ بہت لوگ بیعت ہونے کے بعد ایسے ایسے کام کرتے ہیں کہ ان سے سخت تکلیف ہوتی ہے ۔ اور فرمایا کہ متعلقین سے اگر کوئی ناگوار حرکت صادر ہوتی ہے تو اس سے ایسی ہی تکلیف ہوتی ہے جیسی اپنی اولاد کی نالائقیوں سے ۔ ایسے لوگوں کو چاہئے کہ صرف ملاقات کا تعلق رکھا کریں تو اس میں زیادہ لطف رہے ۔ کیونکہ ملاقات میں تو ہنر ہی پر نظر ہوتی ہے اور متعلقین کے عیوب پر بھی نظر ہوتی ہے ۔ ( 158 ) تعلیم کے بغیر ذکر و شغل میں لگنا بسا اوقات باعث ضرر ہو جاتا ہے منشی محمد یوسف صاحب باشندہ گلاؤٹھی مہمان تھے ۔ انہوں نے یہ مسئلہ پوچھا کہ فلاں طالب علم آخر شب میں اٹھتا ہے اور ذکر کرتا ہے اور الا اللہ پر پہنچ کر اس