ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 188 نہیں سمجھتے ۔ پھر فرمایا کہ جس طرح اہل دنیا پر علماء کی ضروریات کا تکفل ضروری ہے اسی طرح علماء پر بھی یہ ضروری ہے کہ تعلیم و تعلم سے اصلی غرض خدمت دین رکھیں ۔ نفس پروری اور جاہ طلبی نصب العین نہ ہونی چاہئے ۔ نیز اہل دنیا سے اس قدر لیں جس قدر ان کے حوائج ضروریہ کو کافی ہو ۔ تزئین و تجمل اور ہوائے نفس کے درپے نہ ہوں ۔ ( 38 ) قبر میں قرآن مجید کو دفن کرنے کی وصیت جائز نہیں : فرمایا کہ بعض لوگ جو وصیت کرتے ہیں کہ ہماری قبر میں ہمارے ساتھ کلام مجید کو دفن کرنا ، یہ وصیت جائز نہیں ہے ۔ ایک صحابی کے اس واقعہ سے کہ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا رداء مبارک لیا اور وصیت فرمائی کہ اس کو میرے لئے کفن بنایا جائے استدلال کرنا اور ایک دوسرے پر قیاس کرنا لچر اور قیاس مع الفارق ہے ۔ اس لئے کہ تعظیم قرآن مجید قربت مقصودہ منصوصہ ہے اور حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی ردائے مبارک کی تعظیم قربت مقصودہ نہیں ہے ۔ رہا درجہ محبت ، وہ اس سے الگ ہے ۔ ہزار بار بشویم دہن بہ مشک و گلاب ہنوز نام تو گفتن کمال بے ادبی ست ( 39 ) عذاب و ثواب آخرت جسمانی ہیں : فرمایا کہ امام غزالی کے بعض اقوال سے بظاہر مترشح ہوتا ہے کہ وہ عذاب و ثواب اور دوزخ و جنت کو جسمانی نہیں مانتے بلکہ عذاب و دوزخ کو نفس کا تالم اور ثواب و جنت کو نفس کی لذت سمجھتے ہیں ۔ لیکن علامہ کی محققیت سے ہر گز یہ احتمال نہیں کہ ان کا یہ مطلب ہو بلکہ اصل بات یہ ہے کہ حکماء امت کے انداز مختلف ہوتے ہیں ۔ بعضے ایسا کرتے ہیں کہ مخاطب کی سمجھ اور اس کا میلان کسی خاص طرف دیکھ کر حق بات کو ایسے نرم اور اس کے خیالات سے ملتے جلتے الفاظ