ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 105 ( 186 ) دستی خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی : فرمایا کہ دستی خط کی کچھ بھی قدر میرے دل میں نہیں ہوتی اور سمجھتا ہوں کہ اس کے جواب کی ضرورت نہیں ۔ کیونکہ اگر ان کو ضرورت ہوتی تو پیسہ خرچ کر کے ڈاک میں بھیجتے ۔ ( 187 ) سورہ یسین شریف باعث شفاء ہے : فرمایا کہ لوگوں کے خیالات اس قدر خراب ہو گئے کہ ایک مرتبہ میں ایک شخص کی عیادت کو گیا ۔ اس پر سورہ یسین پڑھ کر دم کرنے کا خیال ہوا ۔ میں نے اس خوف سے کہ اس کے گھر والے برا مانیں گے کہ اس کو مردہ سمجھا نیز اگر یہ مر گیا تو اس کے گھر کے لوگ کہیں گے کہ یسین سے مر گیا ۔ اس لئے سورہ یسین آہستہ پڑھی ۔ مگر خدا کا شکر کہ وہ تندرست ہو گیا ۔ ( 188 ) حقوق بقدر تعلق کے ہوتے ہیں : فرمایا کہ حقوق بقدر تعلق کے ہوتے ہیں ۔ پس جنس عالی اور جنس سافل اور نوع اور صنف سب کی شرکت موجب تعلق حقوق ہیں ۔ مثلا نفس حیوان ہونے میں یہ تمام حیوانات ہمارے ساتھ شریک ہیں ۔ تو ان کا بھی حق ہم پر ہے ۔ حق تعالی نے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی زبانی ان کے حقوق بھی بتلائے ہیں ۔ چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے : لا تجعلوا ظھور دوابکم منابر ۔ یعنی جانور کی پشت کو منبر نہ بناؤ ۔ یعنی اگر کوئی شخص مثلا گھوڑے کی پشت پر بیٹھا ہے اور چلتے ہوئے یا کچھ وقفہ کر کے دوسرے کے ساتھ کلام کرے تو جائز ہے ، لیکن بہت دیر تک گھوڑے کو کھڑا رکھنا اور اس کی پشت پر سوار رہنا یہ نہ چاہئے ۔ اگر باتیں کرنے کی ضرورت ہی ہے تو گھوڑے سے اتر کر کریں ۔