ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 143 اگر یہ کبھی مخدوش ہو جائیں تو چونکہ حکم شرعی اس پر مبنی سمجھا گیا تھا لہذا وہ حکم بھی مخدوش ہو جائے گا ۔ پھر فرمایا کہ اگر یہ علوم مقصود ہوتے تو حضرات صحابہ ان کی تحقیق کے زیادہ مستحق تھے لیکن صحابہ نے کبھی ایسے سوال نہیں کئے ۔ ( 10 ) اللہ تعالی کے ہر فعل میں کئی حکمتیں ہیں : فرمایا کہ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب نے فرمایا کہ خدا تعالی کے ہر فعل میں مصالح ہیں ۔ مثلا چوری کی تخلیق ہی ہے کہ اس کی بدولت لاکھوں آدمیوں کو حلال روزی ملتی ہے ۔ مثلا قفل بنانے والے دروازہ کواڑ بنانے والے بلکہ کفر کی تخلیق میں بھی کہ مسلمانوں کے لئے طرح طرح کے استحقاق ثواب کا وہ سبب بن جاتا ہے ۔ اس لئے مولانا فرماتے ہیں : کفر ہم نسبت بہ خالق حکمت است : وربما نسبت کنی کفر آفت است ( 11 ) بغیر ہاتھ اٹھائے بھی دعا کرنا درست ہے : ایک صاحب نے دریافت کیا کہ دعا کے لئے مروج طور پر ہاتھ اٹھانے میں بوجہ دیر تک دعا مانگنے کے چونکہ مونڈھے اور بازو دکھنے لگتے ہیں اس لئے یا تو سلسلہ جلدی ختم کرنا پڑتا ہے یا خیال بٹ کر حالت دعا میں فرق آتا ہے ۔ اگر بغیر ہاتھ اٹھائے عرض معروض کی جائے تو نخوت و کبر کا شائبہ تو نہ ہو گا ۔ مولانا نے فرمایا کہ نہیں ۔ ( 12 ) کافر کے لئے ہدایت کی دعا کرنا درست ہے : انہیں صاحب نے دریافت کیا کہ اپنے ساتھ سلوک و احسان کے صلے میں کفار کے واسطے دعائے بہبودی دارین و ہدایت کرنی جائز ہے یا نہیں ؟ مولانا نے فرمایا کہ صرف ہدایت نیک کی دعا کا مضائقہ نہیں ۔