ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 90 سے ( کہ وہ لڑکوں کو پڑھاتے ہیں ) کہا کہ سب لڑکوں سے نماز پڑھوائی جائے ۔ خواہ ان کی عمر سات برس ہو یا اس سے کچھ کم ۔ چنانچہ ایسا کیا گیا ۔ نماز کے بعد معلوم ہوا کہ ایک لڑکے نے جس کی عمر سات برس سے کم تھی جانماز پر پیشاب کر دیا ۔ اس وقت سات سال کی تشریع کی حکمت معلوم ہوئی اور یہ سمجھ میں آیا کہ اس سے قبل اچھے برے کی تمیز ہی نہیں ہوتی ۔ واقعی احکام شرعیہ بہت ایسے ہیں کہ خلاف کرنے سے جب مضرت نظر آتی ہے تب ان کی تشریع کی وجہ معلوم ہوتی ہے اور اس واقعہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جس طرح ارتکاب معاصی میں مفاسد ہیں اسی طرح طاعات میں شریعت سے بڑھنے میں بھی مفاسد ہیں ۔ ( 151 ) ظہر کی پہلی سنتیں پڑھے بغیر امامت کروا سکتا ہے : حافظ مولوی عبدالعلیم صاحب بردوانی نے مولوی محمد اسحق صاحب کی طرف سے ایک سوال پیش کیا کہ ظہر کی سنتیں پڑھے بغیر امامت درست ہے یا نہیں اور بصورت جواز اس میں کچھ کراہت ہے یا نہیں ؟ کسی جگہ صراحتا اس کے متعلق نہیں دیکھا گیا ۔ لیکن ترمذی کی اس حدیث سے کان اذا فاتتھ الاربع قضھا بعد الرکعتین سے جواز معلوم ہوتا ہے ۔ مولانا نے فرمایا کہ نہایت نفیس استنباط ہے ۔ کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم تو ہمیشہ امام ہوتے تھے الا ماشاء اللہ ۔ پس اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بدون سنت ادا کئے ہوئے بھی فرض ادا کرنا جائز ہے ۔ ( 152 ) اللہ والوں کے ہاں مادح اور ذام برابر ہوتے ہیں : فرمایا کہ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب کی جب کوئی تعریف کرتا تو مولانا کچھ نہیں فرماتے تھے بلکہ خاموش رہتے تھے ۔ اور یوں فرمایا کرتے کہ اگر منع کیا جائے تو اور زیادہ تعریف کی جاتی ہے اور اگر خاموش رہیں تو تعریف کرنے والا سمجھتا ہے کہ ہماری تعریف کی کچھ قدر نہیں ہوئی ۔ اس واسطے پھر وہ سلسلہ قطع ہو جاتا ہے