ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 74 بھائی اس کو کچھ نہ کہنا ، یہ معذور ہے ، کیونکہ اس کی چیز گم ہو گئی ہے ، اور اس بنئے سے فرمایا کہ تو بھاگ جا ۔ اس واقعہ کے بعد فرماتے تھے کہ جب کبھی لوگ ہاتھ پاؤں چومتے ہیں اور نفس میں عجب پیدا ہونے کا ڈر ہوتا ہے تو اس واقعہ کو یاد کر کے نفس سے کہتا ہوں کہ تو تو بس اس لائق ہے ۔ اپنی اس حالت کو یاد کر لے ، بس یہ خدا کا فضل ہے کہ باوجود اس کے خدا تعالی نے تجھ کو اتنی عزت دی ہے ۔ ( 113 ) نہ کسی کو دھوکہ دیں نہ دھوکہ کھائیں : بعض طلباء غلہ بے تولے پنساری کو دے دیتے اور بے تولے لے لیتے ۔ ایک مرتبہ ان طلباء سے فرمایا کہ ایک ترازو خرید لو تاکہ دھوکہ نہ کھا سکو ، کیونکہ دھوکہ کھانا بیوقوف کی علامت ہے ۔ باقی جو حدیث میں آیا ہے : المومن غر کریم ۔ اس میں لفظ کریم گویا تفسیر ہے ۔ یعنی بوجہ اپنے کرم کے نا آزمودہ کار بن جاتا ہے ۔ یہ نہیں کہ مومن کی عقل کم ہوتی ہے ۔ دوسرا قرینہ یہ ہے کہ یہ حدیث مقابل ہے خب لئیم کے اور خب کے معنی ہیں فریب دہندہ کے ۔ پس غر سے مراد وہ ہے کہ خب نہ ہو ، یعنی کسی کو فریب نہ دے ، اور فریب نہ دینا جیسا محمود ہے ایسا ہی فریب نہ کھانا بھی محود اور فضائل میں سے ہے ۔ ہرقل نے حضرت عمر کے سفیر سے دریافت کیا کہ تمہارے خلیفہ کے اخلاق کیسے ہیں ؟ انہوں نے فرمایا کہ لا یخدع ولا یخدع ۔ نہ فریب دیتے ہیں ، نہ فریب کھاتے ہیں ۔ ہرقل نے اپنے لوگوں سے کہا کہ اس شخص کا تدین تو اس سے ظاہر ہی ہے کہ کسی کو فریب نہیں دیتا اور کمال عقل اس سے ظاہر ہے کہ کسی سے فریب نہیں کھاتا ۔ اور جو شخص عاقل بھی ہو اور متدین بھی ہو موید من اللہ ہوتا ہے ۔ ایسے شخص کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا ۔ ضرور ان کی اطاعت قبول کر لینی چاہئے ۔ مگر کسی نے موافقت نہیں کی ۔