ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 212 ( 27 ) حرام اشیاء میں عموم بلوی کا حکم جاری نہیں ہوتا : عموم بلوی کی وجہ سے صرف اختلافیات میں ضعیف قول پر فتوی دیا جاتا ہے ۔ جو چیزیں بالاتفاق حرام ہیں ان میں عموم بلوی کو کوئی اثر نہیں ۔ ( 28 ) تعصب کا معنی باطل کی حمایت ہے : تعصب کے معنی ناحق کی پچ کرنے کے ہیں ۔ باقی حق کی پچ اچھی بات ہے ۔ اس کو تصلب فی الدین یعنی دین میں مضبوطی کہتے ہیں ۔ مثلا بے دینی کی وجہ سے لوگوں سے ترک اختلاط کرنا وغیرہ ، لیکن ناحق کی طرفداری و پچ ناجائز ہے ۔ ( 29 ) موجودہ دور میں امام مہدی کے بغیر اصلاح مشکل ہے : جو حالت برائی کے اعتبار سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانہ میں عالم کی ہو رہی تھی قریب قریب ویسی ہی حالت آجکل ہو رہی ہے ۔ بغیر امام مہدی کے اصلاح نہیں ہو سکتی ۔ قرآن شریف میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی بعثت کے قبل کے زمانے کے متعلق ارشاد ہے : لم یکن الذین کفروا من اھل الکتاب والمشرکین منفکین حتی تاتیھم البینۃ ۔ رسول من اللہ ۔ الایۃ ۔ یعنی بدون بینہ رسول کے آئے اصلاح نہیں ہوتی ۔ اسی طرح اب بھی بے بینہ یعنی نائب اکمل رسول صلی اللہ علیہ و سلم حضرت مہدی کے اصلاح دشوار ہے ۔ ( 30 ) جس خوش خلقی کی بنیاد غرض دنیوی ہو وہ قابل اعتبار نہیں جس کے اخلاق کا مبنی خوف خدا ہو وہ البتہ قابل اطمینان ہے ۔ وہ کسی طرح بدل نہیں سکتا اور جہاں خوف خدا نہ ہو اس کا کیا اعتبار ۔ چنانچہ دیکھئے اہل یورپ کے اخلاق کی بناء غرض دنیاوی ہے ۔ جس خلق سے غرض و مطلب نکلے اسی کو اختیار کر لیں گے ۔ اچھے اخلاق سے ہو تو اچھے اور برے اخلاق سے ہو تو برے ( کاتب