ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 76 بھی بڑھا دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بڑی بڑی باتوں کو یہ لوگ خاطر میں بھی نہیں لاتے ۔ کوئی ان کے ساتھ دشمنی کرے یہ اس کے ساتھ سلوک کرتے ہیں بخلاف معمولی آدمی کے کہ وہ ذرا سی بات میں شور مچا دیتا ہے ۔ ( 118 ) سرسید نے قرآن کی تفسیر میں تحریف کی ہے : فرمایا کہ سرسید نے قرآن کی تفسیر میں بہت تغییر و تبدیل کی ہے ۔ چنانچہ اس تفسیر کے دیکھنے سے اہل علم کو معلوم ہوتا ہے اور جو اس سے نہ سمجھے وہ اس کے جواب رسالہ البرہان کو دیکھ لے ۔ ( 119 ) مسجد میں ریزگاری لینا دینا جائز نہیں : فرمایا کہ بسا اوقات انسان ایک کام کرتا ہے اور اس کے جواز و عدم جواز کی طرف التفات بھی نہیں ہوتا ۔ چنانچہ اس مسجد میں ایک مرتبہ مولوی محمد رشید صاحب کانپوری موجود تھے ۔ میں نے ایک روپے کی ریزگاری خرید لی اور روپیہ دیا ۔ مولوی محد رشید صاحب نے فرمایا کہ یہ بیع ہے اور بیع مسجد میں نہ چاہئے ۔ اس وقت مجھے التفات ہوا اور میں نے فورا توبہ کی اور آئندہ کے لئے قصد کیا کہ ہمیشہ خیال رکھوں گا اور مبیع قلیل کا احضار جو مسجد میں جائز ہے وہ معتکف کے واسطے ہے ، چونکہ اس کو باہر جانا ناجائز ہے اور غیر معتکف کو باہر جانے میں کچھ دشواری نہیں ۔ ( 120 ) سوال کی عبارت مختصر اور معنی خیز ہونی چاہئے : فرمایا کہ سوال اس طرح کرنا چاہئے کہ اس کی عبارت مختصر ہو اور معنی خیز ہو ۔ بعض لوگ خط میں سوال اس طرح لکھتے ہیں کہ جس شخص کو اس معاملے کی حقیقت پہلے سے نہ معلوم ہو وہ اس عبارت سے کبھی نہیں سمجھ سکتا ۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ سوال کے اجزاء حل کرنے کی مکرر ضرورت ہوتی ہے ۔