ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 284 ( 79 ) مہدی الیہ کو چاہئے کہ ہدیہ دینے والے کا نام ظاہر کر دے : ایضا ۔ ایک شخص آئے اور ذکر کرنے لگے کہ فلاں پیر صاحب نہ تو کسی کا ہدیہ قبول کریں اور نہ نذر ، نہ گھر کے رئیس ہیں نہ صاحب جائیداد ہیں نہ کہیں ملازم ہیں ۔ خلاصہ یہ ہے کہ کوئی ظاہری سامان معاش کا نہیں مگر باوجود اس بات کے نوابوں کی طرح رہتے ہیں ۔ عمارات و مکانات ہمیشہ بنتے رہتے ہیں ۔ چھ سات گھوڑے ہیں ، بیس پچیس بکریاں ہیں اور شب و روز فقط دانہ ہی کھاتے ہیں ۔ اس کی کیا وجہ ہے ، کچھ سمجھ میں نہیں آتا ۔ ارشاد فرمایا کوئی نہ کوئی تو وجہ ہے ہی ، معلوم ہوتا ہے کہ بڑے بڑے لوگوں سے لیتے ہوں گے اور غریب آدمیوں کو منہ لگاتے نہ ہوں گے ۔ اور لے کر کسی کو اپنے لینے کی خبر نہیں کرتے ہوں گے کہ اس میں ان کی بدنامی ہے ۔ ان شخص نے کہا کہ بیشک یہی بات ہے ۔ اس کے بعد فرمایا کہ اس میں ایک شرعی مسئلہ کی مخالفت ہے ۔ وہ یہ کہ جو شخص ہدیہ یا صدقہ دے اس کو ظاہر کرنا نہ چاہئے کہ صدقہ میں ریا کا خوف ہے اور ہدیہ میں مہدی الیہ کی خجلت کا مگر مہدی الیہ کو چاہئے کہ مہدی کا نام ظاہر کر دے کہ مجھ کو فلاں شخص نے یہ دیا اور یہاں اس کے خلاف کیا جاتا ہے ۔ ایک تو یہ بری بات ہوئی دوسرے لوگوں کو دھوکا دینا ۔ بس گمراہی کے مبانی یہ لوگ ہیں ۔ ( 80 ) اپنے شیخ کی تعریف میں غلو نہ کرے : 27 رجب المرجب 1331ھ بروز پنج شنبہ وقت بعد عصر فرمایا آج کل لوگ سوانح عمری لکھنے میں بے حد مبالغہ کرتے ہیں اور انہیں محبت کے جوش میں یہ معلوم بھی نہیں ہوتا کہ ہم سے مبالغہ ہو رہا ہے اور ہم جھوٹ لکھ رہے ہیں اور بعض اوقات اپنے نفس کی آمیزش ہوتی ہے کہ ہم ایسے شخص کے مرید ہیں یا شاگرد ہیں یا کوئی اور تعلق دار ہیں گویا اپنی تعریف آپ کر رہے ہیں ۔ مادح خورشید مداح خودست کہ دو چشمم روشن و نامرمدست