ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 261 میں دین کی صورت مثالیہ دودھ کی آئی ہے اور چھاچھ صورت دودھ کی ہے مگر اسمیں معنے دودھ کے نہیں ۔ پس تعبیر یہ ہوئی کہ ان لوگوں کا طریقہ صورت دین ہے مگر معنی دین سے معرا ہے ۔ ( 19 ) خلاف تجوید پڑھنے سے بھی نماز ہو جاتی ہے : فرمایا کہ قراءت کلام مجید کی خواہ حرفوں کو بدل کر مثلا ( ق ) کی جگہ ( گ ) یا ( ت ) کی جگہ ( ط ) ۔ ( ب ) کی جگہ ( چ ) علی ہذا جس طرح سے پڑھا جاوے نماز ہو جاوے گی ۔ اور ملک عرب میں بہت بدل کر پڑھتے ہیں مگر نماز سب کی ہو جاتی ہے ۔ اگرچہ بعض اس کے خلاف بھی ہیں ۔ مگر صحت کی کوشش نہ کرنے کی وجہ سے گنہگار ضرور ہوں گے ، اور نماز ہو جانے سے وجوب تجوید ساقط نہ ہو گا ۔ ( 20 ) ہماری عبادات بے ڈھنگے کی خدمت کی طرح ہیں : فرمایا کہ ہماری عبادت تو ایسی ہے جیسے کہ کوئی شخص کسی شیخ یا رئیس کی خدمت کرے اور وہ شخص خدمت کا طریقہ نہ جانتا ہو اور شیخ اس کی خدمت کو ناپسند بھی کرتا ہو مگر صرف اس کی دل شکنی کی وجہ سے منع نہیں کرتا اگرچہ ان کو تکلیف بھی ہو رہی ہے ۔ مگر یہ سمجھتا ہے کہ ان کو راحت ہو رہی ہے ۔ اسی طرح ہماری عبادت بھی ہے کہ اللہ میاں کے پسند تو نہیں ہے مگر صرف اپنی عنایت کی وجہ سے کچھ کہتے بھی نہیں ۔ پس ہم کو چاہئے کہ اس پر مغرور نہ ہوں اور اس پر نظر نہ کریں اور نجات کی امید اس کی رحمت سے رکھیں ۔ ( 21 ) فال پر اعتقاد رکھنا درست نہیں : فرمایا کہ قرآن مجید میں یا دیوان حافظ یا مثنوی روم میں فال دیکھنا تو درست ہے مگر اس پر اعتقاد نہ کرے اور نہ اس کو سچ جانے بلکہ محض اپنے دل خوش کرنے کے لئے درست ہے ۔