ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 201 حصہ ہفتم مقالات حکمت بسم اللہ الرحمن الرحیم ( 1 ) خیرالقرون کے بعد پیدا ہونے والے بھی محروم نہیں : فرمایا کہ لوگ کہا کرتے ہیں کہ ہم حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانہ میں ہوتے تو اچھا ہوتا ۔ میں کہتا ہوں کہ ایک اعتبار سے ہم لوگوں کا زمانہ آنحضرت صلعم میں نہ ہونا ہی اچھا ہوا ۔ کیونکہ ہم لوگوں کی حالت ٹھیک نہیں ۔ خدا کی راہ میں مال تک دینا مشکل معلوم ہوتا ہے اور حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانہ میں شب و روز امتحان درپیش تھا ۔ کبھی زکوۃ کا حکم ہوتا تھا ، کبھی جہاد میں جان دینے کا ، عزیز و اقارب کو چھوڑنا پڑتا تھا ۔ سو ہماری ایسی ضعیف طبیعت والے اگر احکام نبوی صلی اللہ علیہ و سلم کے بجا لانے میں کوتاہی کرتے تو تعجب نہ تھا کہ انکار تک نوبت آ جاتی جس کا انجام کفر و خسران دارین تھا ۔ دوسرے خدا جانے معاصرت کہیں اپنا رنگ نہ لاتی اور اب تو جمع کی کرائی شریعت ہم کو مل گئی ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے اوصاف و کمالات ہم نے سن لئے ، حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی عظمت بھی قلب میں بلا مزاحم موجود ہے اور اگر خدا نہ کردہ خلاف بھی کریں گے تو کسی خطاب جزئی کا تو خلاف نہیں ہے ۔ ان لوگوں نے حضرت صلی اللہ علیہ و سلم کو ابتدائے عمر سے ہر حالت میں دیکھا ۔ آپ ان کے معبودوں کو برا کہتے تھے ، آپ کی قرابت تھی ، لوگوں سے تعلقات تھے ، بہت سے امور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف سے ایسے پیش آتے تھے جو لوگوں کے خلاف طبع ہوتے تھے ، لیکن پھر بھی وہ لوگ اطاعت کرتے تھے ، کمال ان کا تھا نہ کہ ہم لوگوں کا ۔