ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 100 ( 175 ) پیچھے پکارنے والے کو جواب نہ دے : فرمایا کہ امام ابو حنیفہ کو جو نہایت متقی اور نہایت حلیم اور نہایت پرہیزگار تھے ، انہوں نے اپنی وصیت میں امام ابو یوسف کو فرمایا ہے کہ اگر کوئی تم کو پشت کی طرف سے آواز دے تو اس کو جواب نہ دو ، نہ اس کی طرف التفات کرو ، کیونکہ اس نے تم کو حیوان سمجھا کہ حیوان کو پشت کی جانب سے آواز دیتے ہیں اور جب اس نے تمہارے ساتھ یہ برتاؤ کیا تو تم اس کے ساتھ انسان کا سا برتاؤ کیوں ضروری سمجھو ۔ یہ بھی ایک طریقہ ہے اصلاح اور تنبیہہ کا اور یہی نیت ہونی چاہئے نہ کہ کبر و ننگ ۔ ( 176 ) اصلاح عملی زیادہ نافع ہوتی ہے : فرمایا کہ حدیث میں آیا ہے کہ ایک شخص بلا استیذان کے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں خیمے میں چلے آئے تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے ان سے فرمایا کہ تم نے اذن کیوں نہیں لیا ؟ پھر فرمایا کہ باہر جاؤ اور اذن طلب کرنے کے بعد پھر آؤ اور ایک دوسرے شخص سے اشارہ فرمایا کہ ان کو طریقہ سکھا دو ۔ پس اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر کام اور ہر معاملے کا طریق جداگانہ ہے ۔ اس طریق کے موافق چلنا چاہئے اور یہ بھی معلوم ہوا کہ اصلاح عملی زیادہ نافع ہے ۔ ( 177 ) نیک اخلاق کا یہ معنی نہیں کہ نہی عن المنکر نہ کرے : ملفوظ سابق کے تتمے میں فرمایا کہ نیک اخلاقی کے یہ معنی نہیں کہ آدمی لوگوں کا خاک پا ہو جائے کہ جس کا جس طرح جی چاہے اس سے برتاؤ کرے ۔ حضرات انبیاء خصوصا ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے زیادہ وسیع الخلق کون ہو گا ، مگر پھر بھی دیکھئے آپ نے کس طرح اس شخص کی غلطی پر سکوت نہیں فرمایا ۔ پس آپ کی سنت کے موافق رہنا چاہئے ۔