ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 185 قرآن سے بھی ثابت ہے ؟ فرمایا قرآن مجید کی اس آیت سے معلوم ہوتا ہے : یثبت اللہ الذین آمنو بالقول الثابت فی الحیوۃ الدنیا و فی الآخرۃ ۔ اس کی بابت حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ہے : نزلت فی عذاب القبر ۔ دوسری آیت ہے : النار یعرضون علیھا غدوا وعشیا و یوم تقوم الساعۃ ادخلوا آل فرعون اشد العذاب ۔ تو یعرضون ۔ یوم تقوم الساعۃ سے پہلے ہے ۔ ( 32 ) علیین کتاب بھی ہے اور مقام بھی : سید صاحب نے فرمایا کہ قرآن میں ہے : وما ادرک ما علیون ۔ کتب مرقوم ۔ اس میں علین کتاب کو کہا گیا ہے ۔ حالانکہ وہ مقام کا نام ہے ۔ مولانا نے فرمایا کہ کتاب کا نام بھی ہے اور مقام کا بھی ۔ پھر سید صاحب نے کہا کہ کیا میں اس کتاب کو علم الہی سمجھوں یا کتاب ذی جسم ؟ مولانا نے فرمایا کہ وہ کتاب ذی جسم ہے اور عالم آخرت بھی مادی ہے مثل عالم دنیا کے اور عالم برزخ بھی آخرت میں داخل ہے ۔ گو عالم برزخ کا مادہ لطیف ہے بلکہ عالم آخرت میں بہ نسبت دنیا کے مادیت زیادہ ہے ۔ کیونکہ دنیا کا مادہ تو متغیر اور فانی ہے اور وہ باقی ہے تو اس کا مادہ زیادہ شدید ہے گو لطافت کے ساتھ ہو ۔ ( 33 ) سر نہ منڈانا تکبر نہیں : ایک صاحب نے ایک شخص کے سر منڈانے کا تذکرہ کیا ۔ مولانا نے فرمایا کہ بعض لوگوں کو بال منڈانے کی ہمت نہیں ہوتی ۔ اس پر ان صاحب نے فرمایا کہ یہ تکبر ہے یا نہیں ؟ فرمایا کہ یہ خجلت ہے تکبر نہیں ۔ اس پر دوسرے صاحب نے کہا کہ منشاء خجلت کا کیا ہوتا ہے ؟ فرمایا کہ اگر کسی کام میں مذمومیت ہو اس میں خجلت ہونے کا منشاء تو حیاء ہے اور اگر مذمومیت نہ ہو تو ضعف قلب ہے ۔