ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 99 ( 172 ) عصر حاضر کے علوم پہلے بھی موجود تھے : فرمایا کہ آج کل کی جدید معلومات اور جدید اختراعات کی نسبت ایک شخص کہنے لگا کہ آج کل معجزے ہو رہے ہیں ( معاذ اللہ ) اور بعض لوگوں کا یہ خیال ہے کہ جو علوم اب پیدا ہو گئے ہیں یہ پہلے نہ تھے ۔ میں کہتا ہوں کہ سب علوم تھے مگر متقدمین اس کو کمال سمجھ کر چھپاتے تھے اور یہ لوگ اس کو مال سمجھتے ہیں ، اس لئے اس کو ظاہر کرتے ہیں ۔ یعنی ان کی نیت محض تجارت ہے اور تحصیل نفع وہ جس چیز سے بھی ہو باقی دوسروں کو نفع رسانی ۔ سو یہ ان کی غرض نہیں ہوتی ، الا ماشاء اللہ ۔ ( 173 ) اصلاحی تعلق نہ رکھنے والوں پر ڈانٹ ڈپٹ مناسب نہیں : میں نے ( یعنی مولوی محمد صاحب نے ) عرض کیا کہ آج دوپہر دو آدمی آئے تھے ۔ ان میں سے ایک کی داڑھی کتری ہوئی تھی مگر دونوں آپ سے ملاقات کے بغیر چلے گئے ۔ میں تو ڈرتا بھی تھا کہ یہ طالب علم ہیں اور داڑھی ان کی کتری ہوئی ۔ مولانا ان پر بہت خفا ہوں گے ۔ مولانا سلمہ نے فرمایا کہ جن لوگوں کو مجھ سے تعلق نہیں ہوتا میں ان کو کچھ نہیں کہتا ۔ کیونکہ ایسے موقع پر کہنے سے سوائے ناگواری کے اور کوئی معتدبہ فائدہ نہیں ہوتا ۔ بلکہ آئندہ کے لئے اور وحشت ہو جاتی ہے جس سے نفع بعید ہو جاتا ہے : ( 174 ) توفیق عطائے خداوندی ہے : ایک شخص نے مسجد کے باہر کھڑے ہو کر حاجی عبدالرحیم صاحب کارندہ منشی اکبر علی صاحب کو آواز دی اور مسجد میں نہ آیا ۔ مولانا نے فرمایا کہ ایک وہ بھی خدا کے بندے ہیں کہ دور دور سے آتے ہیں ۔ ایک یہ ہیں کہ ان سے دو چار قدم بھی آگے نہیں آیا جاتا ۔