ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 292 ( 103 ) مصلحین کو روک ٹوک کرنی چاہئے : فرمایا کہ بزرگوں کے اخلاق بہت بڑھے ہوئے ہوتے ہیں ۔ اس وجہ سے کچھ روک ٹوک کسی کو نہیں کرتے ہیں ۔ ایسا نہیں چاہئے ۔ اس میں مسلمانوں کو ضرر ہوتا ہے ، ان کی اصلاح کا خیال کرنا چاہئے ۔ ( 104 ) پریشان خواب معدہ کی خرابی سے بھی ہوتے ہیں : ایک شخص نے کہا کہ مجھے خواب پریشان نظر آتا ہے ۔ اس کے دفعیہ کے لئے کوئی تعویذ دے دیجئے ۔ فرمایا کہ یہ معدہ کی خرابی سے تبخیر اٹھتی ہے ۔ اس وجہ سے خواب پریشان نظر آتا ہے ۔ اس کا علاج کرو اور فرمایا کہ تاوقتیکہ کوئی شخص مجھ کو اس بات کا اطمینان نہیں دیتا کہ تعویذ کے ساتھ علاج معالجہ بھی کروں گا اس وقت تک میں اس کو تعویذ نہیں دیتا ۔ کیونکہ وہ اس کے بھروسہ پر علاج کرنا چھوڑ دیتا ہے ۔ ( 105 ) دین فہم سکھاتا ہے : فرمایا کہ دین دار آدمی فہیم ہوتے ہیں اور بد دین بدفہم ہوتے ہیں ۔ ( 106 ) خاندانی آدمی عالم ہو تو نفع زیادہ ہوتا ہے : فرمایا کہ خاندانی آدمی اگر غریب بھی ہو اور علم دین پڑھے تو اس سے نفع کی امید بہت ہوتی ہے ، کیونکہ اس کی نظر میں امراء کی کچھ وقعت نہیں ہوتی ۔ انبیاء علیہم السلام جتنے ہوئے سب بڑے بڑے خاندانوں میں پیدا ہوئے : ( 107 ) اجرت طے کرنی چاہئے : فرمایا کہ ایک گاڑی بان نے مجھ سے کہا کہ میرے پیر نے مجھ سے یہ کہا کہ مزدوری طے کر کے مت لیا کرو ۔ بلکہ جو کچھ دیوے لے لیا کرو ۔ میں نے اس سے کہا کہ یہ تو خلاف شرع بات ہے ۔ شریعت کا تو یہ حکم ہے کہ ہر کام کی اجرت پہلے طے کر لیا کرو تاکہ آئندہ جھگڑا فساد کسی قسم کا نہ ہو اور اگر جھگڑا بھی نہ ہو تو دل میں شکایت تو ضرور پیدا ہو گی ۔