ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
|
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 106 ( 189 ) اجنبی مسلمان کی عیادت و نماز جنازہ میں شرکت کرنی چاہئے فرمایا کہ لوگ اپنے دوستوں اور مخدوموں کی عیادت تو کرتے ہیں لیکن محض مسلمان ہونے کی وجہ سے کسی کی عیادت نہیں کرتے ۔ حالانکہ یہ بھی کرنی چاہئے ۔ اسی طرح مشایعت جنازہ میں کہ اپنے ملنے والوں کے جنازے کی مشایعت تو کرتے ہیں لیکن کسی اجنبی مسلمان کے جنازے کی مشایعت کوئی نہیں کرتا ، حالانکہ کرنی چاہئے ۔ ( 190 ) نمائش کے لئے کپڑے پہننا داخل کبر ہے : مولوی عبدالعلیم صاحب نے پوچھا کہ جمعہ کے روز غسل کر کے عمدہ کپڑے پہننا جائز ہے یا نہیں ؟ فرمایا کہ جائز ہے ۔ کیونکہ یہ جمال ہے اور حدیث میں آیا ہے : ان اللہ جمیل یحب الجمال ۔ اور فرمایا کہ عمدہ لباس اور اسی طرح ہر لباس کے پہننے میں چار نیتیں ہوتی ہیں ۔ ایک تو یہ کہ اس سے دوسروں کی تحقیر مقصود ہو ۔ دوسرے یہ کہ فقط اپنے نفس کو خوش کرنا ہو ۔ تیسرے یہ کہ اپنے کو ذلت اور خواری سے بچانا ہو ۔ چوتھے یہ کہ اس سے کسی دوسرے کی تعظیم کرنا ہو ۔ مثلا کسی حاکم کے پاس جاتا ہے یا کسی بزرگ کے پاس جاتا ہے اور اس کے اکرام کے لئے کپڑے بدلتا ہے ۔ پہلی صورت حرام ہے ۔ کیونکہ وہ بطر میں داخل ہے ۔ اسی کی بابت حدیث میں ہے : من جر ازارہ خیلاء ۔ اور دوسری صورت داخل جمال ہے ۔ جیسا کہ مذکور ہوا ۔ تیسری صورت دفع مضرت کے اندر داخل ہے ( حسن ثیابک فان بھا یعز الناس و یکرم ) چوتھی صورت بھی مسنون ہے ۔ کیونکہ حدیث میں آیا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم ایک مرتبہ حضرت حمزہ کے پاس تشریف لے گئے تو آپ نے چادر منگا کر اوڑھ لی اور مقصود اس سے حضرت حمزہ کی تعظیم تھی چونکہ وہ آپ سے رشتہ اور عمر میں بڑے تھے ۔