ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 211 مال کے غیر طیب ہونے کی وجہ سے کراہت بھی ہے ۔ ( 25 ) اطمینان کے بغیر کسی انجمن میں شرکت درست نہیں : علی گڑھ سے ایک مولوی صاحب نے مولانا صاحب سے بذریعہ خط درخواست کی کہ انجمن خدام کعبہ میں شریک ہوں اور اجازت دیں کہ جو گشتی چٹھی اوروں کو ترغیب شرکت کے لئے لکھی جائے اس میں بھی جناب کا نام نامی لکھا جائے ۔ مجھے امید ہے کہ جناب اس کار خیر میں خود بھی شریک ہوں گے اور جملہ بزرگان دیوبند کے سامنے بھی اس دستور العمل کو پیش فرمائیں گے ۔ جواب تحریر فرمایا ۔ الطاف نامہ مع قواعد انجمن خدا کعبہ پہنچا ۔ غور سے پڑھا ۔ چونکہ اس میں ضرورت دو امر کی ہے ۔ ایک اس کے متعلق بعض سوالات کے صاف کرنے کی جو کہ زبانی ممکن ہے ۔ دوسرے ان لوگوں سے مشورہ کرنے کی جو امور سیاسیہ و احکام شرعیہ دونوں سے باخبر ہوں ۔ اس لئے سردست اس میں کوئی قطعی جواب عرض نہیں کر سکتا ۔ میں دیوبند نہیں رہتا ۔ تھانہ بھون ضلع مظفر نگر میں رہتا ہوں ۔ دستور العمل انجمن میرے پاس امانت ہے ۔ اگر ارشاد ہو تو دیوبند بھیج دوں یا آپ کی خدمت میں بھیج دوں ۔ ( 26 ) رسم بسم اللہ الخ کا حد سے زیادہ اہتمام کرنا منع ہے : ایک صاحب نے پوچھا کہ بسم اللہ کی تقریب میں لوگوں کو جمع کرنا ، شیریں وغیرہ تقسیم کرنا اور ایسی مجلس میں شرکت کرنا کیسا ہے ؟ ارشاد فرمایا کہ فرحت کی حد تک رہے تو جائز ہے بلکہ نعمت دینیھ پر فرحت کا حکم ہے : قل بفضل اللہ و برحمتھ فبذلک فلیفرحوا ۔ البتہ جو تفاخر اور ریاء میں داخل ہو وہ ناجائز ہے ۔ پس مختصر سی شیرینی وغیرہ تقسیم کر دینا ، احباب کو جمع کر لینا ممنوع نہیں ۔ ہاں حد سے زیادہ اہتمام کرنا ، ریاء و تفاخر کے کام کرنا البتہ منع ہے ۔