ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 31 سخت پریشانی ہوئی لیکن غور کرنے سے یہ سمجھ میں آیا کہ اگر ان کو یہاں سے چھوڑ دیا گیا تو یہ جیل خانہ میں جا کر اس سے بھی زیادہ مشقت کے اندر مبتلا ہوں گے ۔ لہذا یہی بہتر ہے کہ ان کو یہیں رکھا جائے اور آرام پہنچانے کی کوشش کی جائے ۔ چنانچہ دوپہر کے وقت ان کو آرام کرنے کے لئے کہہ دیا جاتا تھا ۔ نیز کھانا بھی ان کو دے دیا جاتا تھا ۔ اس سے وہ لوگ بہت ہی خوش ہوئے ۔ کبھی پنکھا کھینچنے کے لئے بجائے ان کے اپنے ساتھیوں میں سے کسی شخص کو بٹھلا دیا جاتا تھا ۔ ظاہر بینوں کو اس فعل پر موقع اعتراض ہو سکتا ہے کہ قیدیوں کی خدمت کو گوارا کیا لیکن حقیقت سے واقف ہونے کے بعد کسی قسم کے خلجان کی گنجائش نہیں رہ سکتی ۔ ( 16 ) اہل اسلام کے لئے نافع مضامین : فرمایا کہ دو تین مضمونوں کی تدوین کی میرے نزدیک نہایت ضرورت ہے ۔ ایک تو علم کلام میں یعنی سائنس کے شبہات کے جوابات علم کلام قدیم کے اصول سے تاکہ یہ اعتراض مندفع ہو جائے کہ شریعت علوم جدیدہ کی محتاج ہے دوسرے معاملات کی جونسی صورت پیش آ رہی ہیں ۔ مثلا تجارت کے تمام شعبے ، مطابع کی تمام صورتیں ، زمینداری کاشت کاری ملازمت کی تمام شاخیں علی ہذا اور جتنے کاروبار ہیں سب کی صورتیں لکھ کر ان کے متعلق احکام شرعی بتلائے جائیں ۔ تیسرے ایک کتاب حدیث میں لکھی جائے جس میں فقہ حنفی کے متمسکات ہوں ، تاکہ غیر مقلدین کو امام صاحب پر طعن کی گنجائش نہ رہے اور اس میں ضروری جزئیات فقہ کو حدیث سے ثابت کیا جائے تاکہ ان کا یہ گمان جاتا رہے کہ حنفیہ کے پاس مسائل جزئیہ میں حدیثیں نہیں ہیں ، مگر ان تینوں کاموں میں میرے نزدیک اول و دوم زیادہ اہم ہیں ۔ اور اس کے لئے میں نے متعدد جلسوں میں جدید تعلیم یافتہ حضرات سے درخواست بھی کی کہ مجھ کو ان شبہات اور واقعات و معاملات سے مطلع کیا جائے اور انہوں نے سوالات جمع کر کے بھیجنے کا وعدہ بھی کیا ،