ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 165 ( 62 ) حوائج دنیا سے لا علمی چنداں مضر نہیں : فرمایا کہ اکثر روشن خیال لوگ مولویوں پر اعتراض کرتے ہیں کہ یہ لوگ دنیا کی ضرورتوں سے بالکل بے خبر ہیں ۔ سو اول تو یہ تسلیم نہیں اور اگر تسلیم بھی کر لیا جائے تو اس لا علمی کی تکالیف کی زندگی بہت قلیل ہے ۔ لیکن معترضین جن ضرورتوں سے لا علم ہیں یعنی دین کی ضرورتیں ، ان کی لا علمی سے جو تکالیف ان کو ہوں گی وہ بہت شدید اور طویل ہیں ۔ پس اول ان کو اپنی خبر لینی چاہئے ۔ اس کے بعد اعتراض کا حق ہے ۔ ( 63 ) دل پر جبر کر کے گناہ سے بچنے میں زیادہ مجاہدہ ہے : فرمایا کہ جن لوگوں کو نسبت مع اللہ ہو چکتی ہے وہ اگر مائل الی المعصیت نہ ہوں اور جن پر خوف خداوندی کی تیغ ہر دم کشیدہ ہے وہ اگر پاک باز ہوں تو کوئی ان کا بڑا کمال نہیں ۔ اگرچہ خدا کا ان پر احسان ضرور ہے کہ ان پر ایسی کیفیات کا طریان ہو کر ان کے حال لازم بن گئیں ۔ البتہ جن لوگوں کو ہنوز نسبت مع اللہ نہیں ہوئی اور پھر بھی وہ معاصی کے چھوڑ دینے کی ہمت کرتے ہیں اور اپنے دل پر جبر کر کے اپنے کو صالح بناتے ہیں وہ صاحب کمال ہیں ۔ اگرچہ اصل توفیق ان کو بھی خدا ہی کی طرف سے ہوتی ہے ۔ ان کے اختیار میں کچھ نہیں ۔ ( 64 ) ہدیہ بلا غرض دیا جائے : فرمایا کہ جب کسی کے پاس کوئی حاجت لے کر جائیں تو ہدیہ لے کر نہ جائیں ۔ اس لئے کہ اول تو یہ صورت رشوت کی ہے ۔ دوسرے بعض اوقات وہ شخص حاجت کو پوارا نہیں کر سکتا اور اس سے اس شخص کو ہدیہ لینے میں بہت خفت ہوتی ہے ۔