ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 226 ( 67 ) راستہ میں جو چیز ضائع ہو جائے تو مشتری پر قیمت کی ادائیگی لازم ہے ویلیو پے ایبل کے ذریعہ سے اگر کسی نے کوئی شے منگائی اور پھر دکاندار نے کافی احتیاط سے روانہ کی اور راستہ میں ٹوٹ گئی تو وہ کس کی چیز ضائع ہو گی ؟ فرمایا جب اس کے طلب کرنے سے کسی نے چیز بھیجی تو اس نے ڈاک خانہ والوں کو اپنا وکیل قرار دینے کی اجازت دی ، لہذا وہ خریدار کی چیز ضائع ہو گی اور اس کو دیانتا قیمت دینا لازم ہے ۔ ( 68 ) عشاء کے بعد قصہ گوئی میں نہ پڑے : فرمایا کہ میں نے گھر میں عشاء کے بعد ایسی بات پوچھنے کو یا کہنے کو منع کر رکھا ہے جس میں سوچنا پڑے ، کیونکہ نیند جاتی رہتی ہے ۔ اس سے حدیث کا راز معلوم ہوتا ہے کہ عشاء کے بعد سمر یعنی قصہ اور باتوں سے منع فرمایا ہے ۔ اور جعلنا اللیل سکنا کے بھی خلاف ہے کسی چیز کی طرف توجہ دلانا جو سکون اور آرام کے خلاف ہو ۔ ( 69 ) ہر شخص کے ساتھ معاملہ الگ الگ ہوتا ہے : مولانا فضل الرحمن صاحب نے مریدوں کو منع کر رکھا تھا کہ کسی کو اپنے ساتھ نہ لایا کرو ۔ پہلے سمجھ میں نہ آتا تھا ، اب تجربے سے معلوم ہوا کہ اس میں مصلحت ہے ۔ بعض وقت ایک مہمان عزیز ہوتا ہے ، اس کی مدارت میں خاص رعایت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ مثلا ساتھ کھاتا ہوں ، اگر دوسرا ساتھ ہوتا ہے تو اس کے ساتھ بھی وہ معاملہ کرنا پڑتا ہے ۔ بعض وقت اس دوسرے شخص کی مصلحت کے خلاف ہوتا ہے ۔