ملفوظات حکیم الامت جلد 13 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد دوم ) ---------------------------------------------------------------- 231 ( 80 ) شیخ کو حق پر نہ سمجھنے سے بیعت کا تعلق ختم ہو جاتا ہے : ایک شخص نے خط کے زریعے سے دریافت کیا کہ میں حاجی امداد اللہ صاحب سے بیعت ہوں ، لیکن تحقیق سے اہل حدیث کا مذہب حق معلوم ہوا ۔ اس لئے تقلید حنفی کو چھوڑ کر اہل حدیث ہو گیا ہوں ۔ لوگ کہتے ہیں کہ بیعت نہیں رہی ۔ جواب ارشاد فرمایا : جن مسائل میں آپ نے تقلید کو چھوڑا ہے ان میں تقلید کو اگر حق سمجھتے ہیں تو کیوں چھوڑا ؟ اور اگر باطل سمجھتے ہیں تو حاجی صاحب رحمہ اللہ تعالی کو جو کہ تقلید فرماتے تھے کس طرح حق پر سمجھ سکتے ہیں اور اگر حق پر نہیں سمجھتے تو پھر جس شیخ سے عقیدت نہ ہو بیعت کیسے رہے گی ؟ ( 81 ) حب الدنیا ناجائز ہے ، کسب الدنیا جائز ہے ۔ ( 82 ) مشغولی سے پریشانی بٹ جاتی ہے : مولانا سعید احمد صاحب مرحوم ( حضرت مولانا کے ہمشیر زادے ) کے انتقال کی بابت فرمایا کہ جیسا یہ حادثہ ہے الحمد للہ مجھ پر اتنا اثر نہیں ۔ شروع ہی سے اپنے آپ کو میں نے بہت زیادہ مشغول رکھا ۔ یہاں تک کہ نزع کے عالم میں بھی ڈاک کا کام کرتا رہا ۔ لوگوں کے خطوط کے جواب لکھتا رہا ۔ مشغولی ایسی مصیبت کا علاج ہے ۔ ( 83 ) باعزت تبادلہ کے لئے وظیفہ : ایک جگہ سے دوسری جگہ تبادلہ ملازمت کے لئے فرمایا : رب ادخلنی مدخل صدق واخرجنی مخرج صدق واجعل لی من لدنک سلطانا نصیرا ۔ مع اول و آخر سات سات بار درود شریف ستر بار بعد نماز عشاء پڑھا کریں اور مدخل صدق پر جہاں کا تبادلہ مطلوب ہو تصور کریں اور مخرج صدق پر جہاں سے جانا مطلوب ہو اور سلطانا نصیرا پر یہ کہ عزت کے ساتھ تبادلہ ہو ۔