احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
مخلوق زمین وآسمان دنیا جہاں کا ایک ہی خالق مالک رازق اﷲتعالیٰ وحدہ لاشریک ہے۔ تاکہ تمام مخلوق ایک ہی مالک وحقیقی رب کی اطاعت وعبادت کریں۔ اگر دو خدا مالک ہوتے تو ہمیشہ زمین پر فسادات رہتے اور دو خدا ان کے بندے ہمیشہ آپس میں لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں۔ اسی طرح منشاء حق تعالیٰ یہی تھا کہ ’’واعتصموا بحبل اﷲ جمعیاً ولا تفرقوا‘‘ پر عمل کر کے تمام مخلوق جہاں ایک ہی سردار نبی ورسول اکرم کے ماتحت ہوکر حقیقی وحدت حاصل کریں۔ سب کے سب ایک ہی رستہ پر ہوکر چلیں اور خداتعالیٰ کے بندے ایک ہی دین پر رہیں۔ تاکہ ان میں فساد وجھگڑا نہ ہو۔ اس لئے دین اسلام کو مکمل کرکے کلمہ ’’لا الہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ‘‘ کے نورانی زنجیرمیں جکڑ دیا اورقیامت تک توحید ورسالت کا اقرار امت محمدیہﷺ کا لے لیا کہ دنیا کا سردار محمد رسول اﷲﷺ ہے۔ پس اس کلمہ طیبہ کی موجودگی میں ہم کو کسی دوسرے نبی ورسول کی ضرورت نہیں ہے اور قرآن شریف اورسنت نبویﷺ کی موجودگی میں ہم کو اور کسی کتاب اور اقوال کی ضرورت نہیں۔ کامل کو چھوڑ کر ناقص کیوں اختیار کریں۔ نور کے عوضہ میں اندھیر خرید کریں اور اسلام سے خارج ہوں۔ ۶… ہرایک مسلمان پانچوں وقت نمازمیں اسلام علیک ایہا النبی ورحمۃ اﷲ وبرکاتہ پڑھا کرتا ہے۔ جس سے ظاہر وباطن اوّل آخر النبی سے مراد سیدنا محمد رسول اﷲﷺ لیتا ہے اور ہمیشہ فنافی الرسول ہوکر حضور انورﷺ کو اپنا سردار وآقائے نامدار سمجھ کر درود شریف پڑھتا ہے۔ اس لفظ نے بتادیا ہے کہ دوسرا کوئی نبی اس امت کا ولی نہیں۔ اگر کوئی ہوتا تولفظ النبی بے معنی وبے محل تھا۔ اسی النبی پر روز میثاق میں تمام ارواح انبیاء مرسلین علیہم السلام سے وعدہ نصرت لیا تھا۔ یہی لفظ النبی یا وہ نبی یا آنحضرتﷺ تمام امت سابقہ میں مشہور ومعروف چلا آیا ہے۔ مگر خلیفہ صاحب قادیانی ہم کو سیدنا محمد رسول اﷲﷺ سے چھڑا کر اور اقرار نبوت مرزاقادیانی کراکرکافر بنانا چاہتا ہے اور تمام اسلام کی جڑ اکھاڑنا چاہتا ہے۔ جو امر محال ہے۔ قرآن شریف میں الفاظ النبی، الرسول (یا ایہا النبی یا ایہا الرسول) کا استعمال بکثرت ہوا ہے اور النبی کو سیدنامحمد رسول اﷲﷺ کے نام نامی واسم گرامی سے مخصوص کردیا ہے۔ تاکہ کوئی دوسرا جھوٹا نبی اس سے فائدہ نہ اٹھائے۔ ’’ان اﷲ وملئکتہ یصلون علی النبی یا ایہا الذین اٰمنوا صلوا علیہ وسلموا تسلیما‘‘ یہ فرمان ایزدمنان قیامت تک ہے اور صلوٰۃ اور درود شریف اس نبی مکرم سیدنا محمد رسول اﷲﷺ پر امت مرحومہ پڑھتے رہیںگے جو اسلام کے اکیلے بادشاہ اور نبی ورسول اور اﷲ والی امت اور گنہگاروں کے شفیع ہیں۔ یہی ختم نبوت کی اعلیٰ دلیل ہے۔