احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
اور اس کا نام مجلس مستشار العلماء تجویز ہوا۔ چونکہ اس مجلس کے اغراض ومقاصد میں کامیابی اہل اسلام کی عموماً اور علماء عظام کی خصوصاً توجہ پر موقوف ہے۔ اس لئے مجلس ہذا کے اغراض ومقاصد اور قواعد وضوابط اور مکتوب گرامی حضرت شاہ صاحب طبع کراکر مشتہر کئے جاتے ہیں۔ اہل اسلام سے عموماً اور علمائے کرام سے خصوصاً توقع ہے کہ اپنے مذہبی فرض کا کماحقہ احساس فرماتے ہوئے جلد از جلد قرطاس رکنیت پر کر کے دفتر میں بھیج کر مشکور فرمائیںگے۔ اگر کسی صاحب کے خیال میں اغراض ومقاصد وغیرہ میں کچھ ترمیم یا کچھ اضافہ کرنا مناسب ہو تو دفتر میں اطلاع دیں۔ مجلس مستشار العماء کے اغراض ومقاصد مجلس مستشار العلماء انشاء اﷲ تدریجاً صیغہائے ذیل قائم کرے گی۔ دارالکتب، دارالافتائ، دار التبلیغ والمناظرہ، دارالتدریس، دارالاخوۃ۔ دارالکتب میں اسلامی اور غیر اسلامی مذاہب کی کتب کا کافی ذخیرہ جمع کیا جائے گا۔ تاکہ شائقین اور مبلغین ومناظرین اس سے مستفید ہوسکیں۔ دارالتبلیغ والمناظرہ دارالتبلیغ والمناظرہ اسلام کے اندرونی اور بیرونی مخالفوں کی منظم جماعتوں کی تعداد کے مطابق شعبہائے ذیل پر شامل ہوگا۔ تاکہ ہر شعبہ پرامن طریق پر اپنے اپنے کام میں سرگرم عمل رہے۔ شعبہ توحید باری تعالیٰ، شعبہ ختم نبوت وابطال عقائد مرزائیت، شعبہ ضرورت حدیث، شعبہ تائید حنفیت صحیحہ، شعبہ تفسیر ومعجزات وکرامات، شعبہ شبہات فسلفیہ، شعبہ اشاعت محاسن اسلام، شعبہ وعظ، شعبہ تبلیغ نسواں، شعبہ تنقید وتبصرہ، شعبہ تجسس اعتراضہائے مخالفین، شعبہ فضائل صحابہؓ واہل بیتؓ۔ دارالافتاء کے فرائض ۱… اہل اسلام کے استفتاء کا جواب اصول شرعیہ فقہ حنفیہ کے مطابق دینا۔ نوٹ: جو حضرات جس شعبہ میں خدمت اسلام کرنا چاہیں۔ اس سے اطلاع دیں۔ ۲… اختلافی مسائل کے متعلق اجتماعی رائے پیش کرنا۔