احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
مولوی عبدالماجد قادیانی بھاگلپوری نے حصہ دوم فیصلہ آسمانی کے جواب میں ایک رسالہ لقائے ربانی لکھا تھا۔ اسی کے رد میں یہ رسالہ لکھا گیا ہے۔ اس میں علاوہ دندان شکن جواب ہونے کے مولوی عبدالماجد قادیانی بھاگلپوری کی جہالت فریب دہی، دروغ بیانی بھی کھول کھول کر دکھائی گئی ہے اور اس القا کے جواب میں اور رسالے بھی لکھے گئے ہیں۔ مثلاً صحیفہ رحمانیہ نمبر۱۰ جس میں القا کے چند سطروں میں دس عظیم الشان غلطیاں دکھائی ہیں اور صحیفہ رحمانیہ نمبر۱۱،۱۲ اس میں ان کی بد دیانتیاں اور نافہمیاں دکھائی ہیں اور مولوی صاحب نے اس وقت تک کسی کا جواب نہیں دیا اور نہ دے سکتے ہیں۔ مسلمانو! غور کرو اور سمجھو! مرزاغلام احمد قادیانی کا فتنہ معمولی فتنہ نہیں ہے۔ جس سے غفلت برتی جاسکے۔ کیونکہ مرزاقادیانی نے اپنے ان عقائد سے اسلام کی بنیادوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس لئے ضرورت ہے کہ حامیان اسلام اور معاونان دین محمدی اس غارت گر دین وایمان کا پوری قوت سے مقابلہ کریں اور سمجھ لیں کہ اس قسم کے مفتری اور فتنہ پرداز سابق زمانوں میں بھی ہوتے رہیں اور ان کے زمانہ کے اہل اسلام نے بھی پوری قوت سے احقاق حق کیاہے۔ اگر تم نے اس جماعت سے غفلت برتی یا اس کے فتنہ کو معمولی فتنہ سمجھا تو یاد رکھو کہ خداوند عالم اس دین کی حمایت کرے گا اور اس کو اس جماعت کی ابلہ فریبیوں سے محفوظ رکھے گا۔ مگر تم حمایت اسلام کے اجر جزیل سے محروم رہ جاؤ گے۔ ہمارا کام سمجھانا ہے۔ اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ مرزاقادیانی کی ایسی کھلی کھلی غلطیاں دکھائیں جن سے معمولی فہم والا بھی مرزاغلام احمد قادیانی کی کذابی اور دروغ پر مطلع ہوکر اس دام فریب سے محفوظ رہے۔ لیکن اگر تم اس پر بھی غور نہ کرو تو تم جانو اور تمہارا کام۔ الراقم: محمد عبدالقدیر امروہی