احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
یا چھوٹی۔ وہ اﷲتعالیٰ سے فوراً اس کی معافی کا طالب ہوتا ہے اور علم پاکر اس پر کبھی اصرار نہیں کرتا اور پھر فرماتا ہے۔ ’’انما المؤمنون الذین اذا ذکر اﷲ وجلت قلوبہم واذاتلیت علیہم اٰیاتہ ذادتہم ایماناً وعلیٰ ربہم یتوکلون‘‘ یعنی حقیقی مؤمن صرف وہی ہوتے ہیں جن کے سامنے جس وقت بھی اﷲتعالیٰ کا نام آجائے۔ ان کے دل فوراً ڈر جاتے ہیں اور جس وقت بھی اﷲتعالیٰ کے احکام ان کو سنائے جاتے ہیں ان پر عمل کرنے کی وجہ سے ان کے ایمانوں میں زیادتی شروع ہو جاتی ہے اور جس کے نتیجہ میں ان کو ماسوائے اﷲ کا کوئی خوف نہیں رہتا۔ بلکہ محض اﷲتعالیٰ پر ہی توکل ہو جاتا ہے۔ میرے عزیزو! میرے بزرگو! آپ نے اپنے ایک بے قصور بھائی، ہاں اس بھائی کو جو محض آپ لوگوں کو ایک خطرناک ظلم جس سے آپ میں سے اکثر بے خبر ہیں کے پنجے سے چھڑانے کے لئے اپنی عزت اپنا مال اپنی سبیل معاش، اپنا آرام، اپنے اہل وعیال کا آرام، اپنے عزیز بچوں کی تعلیم سب کچھ قربان کر کے محض ابتغاء لمرضات اﷲ آپ کی خدمت کے لئے نکلا۔ (مجھے یقین ہے کہ اﷲتعالیٰ اپنے فضل وکرم سے میری اس قربانی کو ضائع نہیں کرے گا اور ضرور اس کے نیک نتائج پیدا کرے گا اور میری تمام ضروریات کا بھی وہ خود ہی متکفل ہوگا۔ انشاء اﷲ) دشمن قرار دے کر بغیر کسی قسم کی تحقیق کئے اس کے خلاف نفرت وحقارت کے زیرولیوشن پاس کرتے ہوئے بے شمار گالیوں کا اسے نشانہ بنایا ہے۔ عزیزو! بے شک اس سب وشتم سے آپ نے ایک انسان کو تو خوش کرنے کا سامان کر لیا ہے۔ لیکن یہ بھی تو سوچ لیتے کہ جزا وسزا کے دن کے لئے جس کی شان میں ’’لا تزرو ازرۃ وزرا اخریٰ‘‘ وارد ہوا ہے۔ کیا جواب تیار کیا ہے۔ میں نے تو دل سے یہ سب گالیاں آپ کو معاف کر دی ہیں۔ لیکن اﷲتعالیٰ کے ارشاد ’’فیبتغوا‘‘ (یعنی تحقیق کر لیا کرو) اور رسول کریمﷺ کے فرمان ’’المسلم من سلم المسلمون من لسانہ ویدہ‘‘ (مسلم وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان کی ایذا رسانی سے تمام مسلمان محفوظ رہیں) کو جو آپ نے توڑا ہے۔ اس لئے مجھ کو ڈر ہے کہ اس کی وجہ سے کہیں آپ گرفت کے نیچے نہ آجائیں۔ عزیزو! آپ خشیت اﷲ کو دل میں رکھتے ہوئے غور تو کریں کہ تمہیں اپنے ایک مؤمن بھائی کو منافق بناتے ہوئے منافق کے متعلق رسول کریمﷺ کی بیان کردہ علامتوں میں سے اس علامت کے ماتحت ’’اذا خاصم فجر‘‘ یعنی منافق کی ایک یہ بھی علامت ہے کہ جب اس کا کسی کے ساتھ جھگڑا ہو جائے تو گالیاں دیتا ہے۔ آپ نے اپنے اندر توکوئی علامت نفاق پیدا نہیں کر لی۔