احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
۱۸… خدمات مرزا۔ انجمن تائید الاسلام لاہور کے ماہواری رسالہ تائید الاسلام سے ایک مضمون لے کر اسے اس کتابچہ کی شکل میں شائع کیاگیا۔ مکمل نام یہ ہے۔ ’’مرزائی نبوت کا آخری سہارا۔ خدمات مرزا۔ مرزاغلام احمد قادیانی اور اس کی امت غیر اﷲ کے دروازے پر مرزائی مذہب کے بنیادی اصول پر محققانہ تبصرہ۔‘‘ ۱۹… آئینہ کمالات مرزا۔ ناظم دارالاشاعت رحمانی مونگیر کا مرتب کردہ ہے۔ خانقاہ رحمانیہ مونگیر سے صحیفہ رحمانیہ شائع ہوتا تھا۔ اس کے کل چوبیس شمارے شائع ہوئے۔ الحمدﷲ ثم الحمدﷲ! کہ مجلس تحفظ ختم نبوت نے صحیفہ رحمانیہ کی مکمل فائل جو چوبیس رسائل پر مشتمل تھی۔ احتساب قادیانیت کی جلد پانچ میں اسے شائع کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس طرح خانقاہ عالیہ رحمانیہ مونگیر شریف سے ایک رسالہ صحیفہ محمدیہؐ کے نام پر بھی شائع ہوتا تھا۔ اس کے کل کتنے شمارے شائع ہوئے۔ ان کی فائیل کہاں سے مل سکتی ہے۔ اعتراف کرتا ہوں کہ اس سلسلہ کی معلومات کے حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ جس کی سخت ندامت ہے۔ صحیفہ محمدیہ کے تمام شمارے اتنے اہم موضوعات پر مشتمل ہوتے تھے کہ ان رسائل کے پہلے پانچ شمارہ جات کو ’’آئینہ کمالات مرزا‘‘ کے نام پر خود خانقاہ مونگیر کے حضرات نے شائع کیا۔ لیجئے۔ صحیفہ محمدیہ شمارہ ۱تا۵ کا مجموعہ ’’آئینہ کمالات مرزا‘‘ پیش خدمت ہے۔ اس کا مزید تعارف خود ناشرین نے کرادیا ہے۔ جو قارئین پڑھ لیں گے۔ تاہم اتنا عرض کئے بغیر چارہ نہیں کہ اس کا شمارہ نمبر۳ بطور خاص پڑھنے کی چیز ہے۔ اس میں مختلف حضرات نے مرزا قادیانی کے متعلق خواب دیکھے۔ وہ انہوں نے شائع کردئیے۔ قادیانی گروہ خواب پرست ہے۔ تو لیجئے۔ یہ خواب بھی ان کے پڑھنے کی چیز ہیں۔ تاکہ ان پر اتمام حجت ہوجائے۔ یہی ناشرین کے سامنے شائع کرنے کا مقصد تھا۔ ۲۰… حقیقت مرزا۔ مولانا سید محمدادریسؒ صاحب جو انجمن اصلاح المسلمین دہلی کے سیکرٹری تھے۔ انہوں نے یکم دسمبر۱۹۳۱ء کو یہ رسالہ دہلی سے شائع کیا۔ قادیانی عقائد کو مختصراً جمع کردیاگیا ہے۔ یوں سولہ حضرات کے بیس رسائل احتساب کی اس جلد میں شائع کرنے کی اﷲ رب العزت نے توفیق سے سرفراز فرمایا۔فلحمدﷲ! فقیر اﷲ وسایا! ۷؍صفر الخیر ۱۴۳۱ھ ۲۳؍جنوری ۲۰۱۰ءb