احتساب قادیانیت جلد نمبر 31 |
|
۸… بادشاہوں کی بیٹیاں تیری عزت والیوں میں ہیں۔ بلکہ اوفیر کے سونے سے آراستہ ہوکے تیرے داہنے ہاتھ کھڑی ہیں۔ جناب رسول اﷲﷺ نے جناب بی بی خدیجہ الکبریٰؓ شہزادی عرب سے نکاح کیا تو آپ مالا مال ہو گئے۔ شام تک تجارت کے اونٹ چلتے تھے۔ سونے کے زیورات واسباب بیشمار ہاتھ اور جناب بی بی صفیہ بنت حی سردار خیبر کی نوجوان لڑکی نوعروس زیورات سے آراستہ پیراستہ جناب کے حرم سرائے میں داخل ہوئیں۔ بی بی شہربانوؓ شہزادی ایران اولاد نوشیرواں سے سیدنا امام حسینؓ کے نکاح میں آئیں۔ ۹… تیرے بیٹے باپ دادوں کے قائم مقام ہوںگے تو انہیں تمام زمین کے سردار مقرر کرے گا۔ میں ساری پشتوں کو تیرا نام یاد دلاؤںگا۔ پس سارے لوگ ابدالا باد تیری ستائش کریںگے۔ تفسیر… جناب علی المرتضیٰؓ تو آنحضرتﷺ کے ابن عم چچازاد بھائی اور داماد تھے اور جناب رسول اﷲﷺ نے آپؓ کی پرورش کی تھی اور حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ اور ان کی اولاد تاامام مہدی آخر الزمان علیہ الرضوان قرآن شریف کی نص سے آپؐ کے فرزند ہیں اور بنی فاطمہؓ ہیں۔ نواسے ہمیشہ بیٹے ہوا کرتے ہیں۔ یہ بارہ ائمہ اطہار اولاد سیدنا احمد مختارﷺ بعد وفات النبیﷺ حضرت ہاشم، حضرت عبدالمطلب، حضرت ابوطالب کی وراثت کے ذریعہ حجاز کے وارث ہوئے اور جناب سرور عالمﷺ نے مقام خم غدیر ایک لاکھ چوبیس ہزار صحابہ کبار کے روبرو جناب علی المرتضیٰؓ کو ان کا سروار مقرر کیا۔ فرمایا: ’’من کنت ومولاہ فعلی مولاہ‘‘ جس کا میں سردار ہوں اس کا علیؓ بھی سردار ہے اور حدیث ثقلین کے ذریعہ باقی ائمہ اطہار علیہم السلام کے ساتھ تمام امت کو تمسک کرنے کا حکم دیا۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کتاب الجہاد والسیر میں حضرت جابر انصاریؓ سے روایت ہے کہ جناب رسول اﷲﷺ نے فرمایا کہ جب تک بارہ سردار خلیفے اس دین اسلام میں نہ ہولیں۔ یہ دنیا برابر قائم رہے گی اور وہ سب قریش اور بحدیث مودۃ القربیٰ بنی ہاشم ہوںگے۔ پس حضرت داؤد علیہ السلام کی یہ بشارت جناب سیدنا محمد رسول اﷲﷺ اور ان کی اولاد ائمہ الہدیٰ علیہم الصلوٰۃ والسلام پر پوری صادق آتی ہے اور ایک حق پسند انسان کو راہ حق بتلاتی ہے۔ بشرطیکہ چشم بصیرت حاصل ہو۔ فقرہ سارے لوگ ابدالاباد تک تیری ستائش کریںگے۔ یعنی قیامت تک سیدنا محمد رسول اﷲﷺ کا نام جاری رہے گا۔ کلمہ شہادت واذان قیامت تک پکارے جائیںگے اور تمام دنیا جہاں میں سردار دو جہاں کی تعریف وستائش ہوتی رہے گی۔ تمام مسلمان آپ پر اور جناب کی اولاد پر درود وصلوٰت پڑھتے رہیںگے ؎